کشمیر کے بغیر پاکستان کا وجود نامکمل ہے:فردوس عاشق اعوان

اسلام آباد: فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان کا وجود کشمیر کے بغیر نامکمل ہے۔ پوری قوم 5 فروری کو کشمیری بہن بھائیوں یکجہتی کا اظہار کرے گی۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے پریس کانفرس کرتے ہوئے کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر پر مختلف پروگرامز ترتیب دیئے گئے ہیں۔ ملک بھر میں ریلیوں اور سیمینارز کے ذریعے پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں، سول سوسائٹی اور تمام ادارے دنیا بھر کو ایک پیغام دینے جا رہے ہیں کہ ہم کشمیریوں کے ساتھ ہیں۔ کل صبح ساڑھے 10 بجے دفتر خارجہ کے سامنے انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی جائےگی۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کشمیر پاکستان کا دفاعی حصار ہے۔ پاکستان کا وجود کشمیر کے بغیر نامکمل ہے۔ بھارت کشمیریوں کو حق خودارادیت سے محروم نہیں رکھ سکتا۔ عالمی برادری مقبوضہ کمشیر میں جاری بھارتی مظالم کا نوٹس لے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ملائیشیا کا دورہ مکمل کر کے پاکستان کیلئے واپس روانہ ہوئے ہیں۔ وہاں دوطرفہ تعلقات اور مسئلہ کشمیر پر مسلم امہ کے کردار پر بات ہوئی ہے۔ پاکستان کشمیریوں کےحقوق کا پاسبان اور نگہبان ہے۔ عمران خان کی طرح ہم سب کشمیریوں کی آواز بنیں گے۔