امریکہ مسلمانوں کو معاشی طور پر کمزور کررہا ہے‘ حنیف طیب
کراچی(اسٹاف رپورٹر) نظام مصطفی پارٹی کے سربراہ سابق وفاقی وزیرپیٹرولیم ڈاکٹر حاجی محمد حنیف طیب نے پارٹی رہنمائوں شبیر احمد قاضی ،الحاج محمد رفیع ،پیر زادہ غلام حسین چشتی،مولانا شاہدین اشرفی ،سید حنیف بخاری، عبدالقدیر شریف ، مولانا احسن رضا نوری، محمد نفیس قادری سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی ) کو ، امریکی صدر ٹرمپ کے پیش کردہ، فلسطینی عوام کو اسرائیلی غلامی میں جکڑنے اور فلسطین پر عملاً قبضہ کرنے، بیت المقدس کو غصب کرنے والے متنازع ’’سنچری منصوبہ‘‘ کو مسترد کرنے اور فلسطینی عوام کے حقوق پر ٹھوس موقف اختیار کرنے پر، اسے ملت اسلامیہ کے لئے جرات مندانہ اقدام قرار دیتے ہوئے خراج تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا امریکا مسلمان ملکو ں میں انتشار پھیلا کر ،مسلمانوں کا لہو بہا کر اور انہیں معاشی وسیاسی طور پر کمزور کرکے، ان کی کمزوریوں سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے۔