شہری جذبہ ایمانی سے سرشار ہوکریوم کشمیر منائیں:جماعت اسلامی
کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کراچی کے عوام سے اپیل کی ہے کہ کراچی کے شہری جذبہ ایمانی سے سرشار ہوکر مظلوم و نہتے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے آج شاہراہ فیصل پر 3بجے دن انسانی ہاتھوں کی زنجیر میں فیملی کے ہمراہ بھرپور شرکت کریں،امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق خطاب کریں گے،ٹرمپ کی ثالثی سے کسی حکومت کا مسئلہ تو حل ہو سکتا ہے لیکن کشمیرکا مسئلہ حل نہیں ہوسکتا،پاکستان کے حکمران یہ سمجھتے ہیں کہ تقریر کرنے سے مسئلہ حل ہوجائے گا،کشمیریوں کو پاکستان کی حکومت اور ریاست کی جانب سے راست اقدام کی ضرورت ہے، کشمیری عوام کی جدوجہد اور قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی، کشمیر پاکستان کا حصہ بن کر رہے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی کے تحت 5فروری یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر شاہراہ فیصل پر 20کلومیٹر طویل (میٹروپول تا قائد آباد)انسانی ہاتھوں کی زنجیر کے سلسلے میں نرسری بس اسٹاپ پر قائم کیمپ کے دورے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر نائب امیر کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی، بلدیہ عظمی کراچی میں پارلیمانی لیڈر جنید مکاتی، امیر ضلع قائدین سیف الدین ایڈوکیٹ و دیگر بھی موجود تھے۔