شہریوں کو تفریحی سہولتیں فراہم کرنا اولین ترجیح ہے:میئر کراچی
کراچی( خبر نگار)میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ چڑیا گھر روزبروز ترقی کر رہا ہے،ملازمین کے لئے تربیتی سیشن ایک انقلابی اقدام ہے جس سے ملازمین کو جانوروں اور چڑیا گھر میں آنے والے سیاحوں کے ساتھ دوستانہ رویہ رکھنے کی تربیت دینے میں مدد ملے گی لہٰذا اس تربیتی پروگرام کو جاری رکھا جائے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کی شام کراچی چڑیا گھر میں ملازمین کے لئے منعقدہ تربیت نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن، سینئر ڈائریکٹر کوآرڈینیشن مسعود عالم اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ ڈائریکٹر چڑیا گھر کنور ایوب نے اس موقع پر بریفنگ میں بتایا کہ چڑیا گھر کے ملازمین کی تربیت کے لئے ہر منگل کو تربیتی سیشن کا انعقاد کیا جاتا ہے جس میں زولوجسٹ اور ماہرین لیکچر دیتے ہیں، اس دوران ملازمین کو جانوروں اور چڑیا گھر میں آنے والے سیاحوں کے ساتھ دوستانہ رویہ رکھنے کی تربیت دی جاتی ہے اور اس کے ساتھ ساتھ انہیں اس شعبے کے متعلق جدید معلومات بھی فراہم کی جاتی ہیں، میئر کراچی وسیم اختر نے اس موقع پر کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی شہریوں کو ہر ممکن بہتر تفریحی سہولیات فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہے، انہوں نے کہا کہ چڑیا گھر تیزی سے ترقی کررہا ہے یہاں آنے والے بچوں اور ان کے اہل خانہ کو سہولیات مہیا کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں۔