قصور:وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ اگر قانون اجازت دے تو 7 سالہ زینب سے زیادتی اور اغوا میں ملوث ملزم کو لاہور یا قصور کے کسی چوک پر لٹکا کر پھانسی کی سزا دی جائے تاکہ پوری دنیا اسے دیکھے،صوبے کے 5 اضلاع میں سی ٹی اسکین مشینیں لگائی جارہی ہیں.کمپنیاں خود مشین لگائیں گی اور چلائیں گی۔پیر کو دورہ قصور کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں وزیراعلیٰ پنجاب نے قصور میں زیادتی کے بعد قتل ہونے والی بچیوں کے نام اسکول منسوب کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ زیادتی کا شکار بچیوں کے والدین سے نظریں نہیں ملا سکتے۔شہباز شریف نے کہا کہ زینب کی طرح عاصمہ بھی قوم کی بیٹی ہے، ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے متاثرین کو کہا ہے کہ جس کسی ذمے دار نے کوتاہی کی ہے تو وہ ان کی جانب سے تشکیل دی گئی کمیٹی میں جاکر بتائیں۔ساتھ ہی انہوں نے متاثرین کو انصاف کی فراہمی کی بھی یقین دہانی کروائی۔اس موقع پر انہوں نے صوبہ پنجاب میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات پر بھی روشنی ڈالی اور بتایا کہ پنجاب فارنزک لیب جنوبی ایشیا کی بہترین لیب ہے جہاں اسکاٹ لینڈ تک سے نمونے بھجوائے گئے ہیں۔شہباز شریف نے کہا کہ صوبے کے 5 اضلاع میں سی ٹی اسکین مشینیں لگائی جارہی ہیں،کمپنیاں خود مشین لگائیں گی اور چلائیں گی۔انہوں نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز اسپتالوں میں 700 الٹراسانڈ مشینیں جبکہ 200 رورل ہیلتھ سینٹرز میں الٹراسانڈ مشینیں لگائی جائیں گی جب کہ پنجاب کے مختلف علاقوں میں 54 موبائل اسپتال بھی کھولے جائیں گے۔اس موقع پر انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کو بھی آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ 'قوم نے موقع دیا تو ملک کی لوٹی ہوئی دولت دنیا کے آخری کونے سے واپس لائیں گے، پھر زرداری کو کہیں جگہ نہیں ملے گی۔
پنجاب حکومت نے پیر کو چھٹی کا اعلان کر دیا
Mar 28, 2024 | 17:38