وزیراعظم کی یوتھ بزنس لون سکیم کے تحت 20ارب 52کروڑ روپے فراہم کئے گئے ‘ لیلیٰ خان
لاہور( این این آئی )نوجوانوں کیلئے وزیراعظم کے یوتھ پروگرام کے تحت گزشتہ چار سالوںکے دوران ملک بھر میں 11لاکھ 16ہزار 206 نوجوانوں نے استفادہ کیا ،سود سے پاک قرض سکیم کے تحت اب تک 4لاکھ 1ہزار 120 افراد میں ساڑھے 9 ارب روپے مالیت کے قرضے تقسیم کئے گئے۔وزیراعظم کے یوتھ پروگرام کی چیئرپرسن لیلیٰ خان نے ایک بیان میں کہا کہ اس پروگرام کا بنیادی مقصد ملک کے نوجوانوں کو مالی معاونت فراہم کرنا ہے تاکہ انہیں اپنے پیروں پر کھڑا کر کے قومی معیشت میں کردار ادا کرنے کے قابل بنایا جا سکے۔وزیراعظم کی یوتھ بزنس لون سکیم کے تحت 20ہزار 499 مستحق امیدواروں میں 20ارب 52کروڑ روپے تقسیم کئے گئے ہیں۔نوجوانوں کے ہنر کی ترقی کے لئے وزیراعظم کے پروگرام کے تحت ایک لاکھ مرد اور خواتین کو اب تک ملک میں زیادہ طلب کے حامل سو سے زائد شعبوں میں تربیت دی گئی ہے۔