محبوبہ مفتی حکومت کالے قوانین ختم کرنے کے وعدوں سے مکر گئی: فاروق عبدا للہ
کنگن(اے این این) نیشنل کانفرنس کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے موجودہ حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ایک طرف مخلوط حکومت وادی میں حالات ناسازگار ہونے کے بارے میں پریشانی کا اظہار کررہی ہے وہیں دوسری طرف ریاست میں پنچایتی انتخابات کا چنائو کرانے کے بارے میںبڑے بڑے دعوے کئے جا رہے ہیں۔ وسطی ضلع گاندربل کے گنڈ علاقے میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے فاروق عبداللہ نے کہا کہ مخلوط حکومت اننت ناگ میں پارلیمانی چنائو میں نہیں کراسکی جوکہ ریاست کا ایک چھوٹا سا حصہ ہی تو اب وہ کس طرح پوری ریاست میں پنچایتی چنائو کراسکتی ہے۔ ہلاکتوں اور خون خرابے کا سلسلہ فوری طور پر بند ہونا چاہئے کیونکہ ایسے حالات میں ریاست کے خوشگوار اور ترقی پذیر مستقبل کیلئے سم قاتل ہیں۔ کشمیری قوم امن چاہتے ہے۔ وزیراعلیٰ کی طرف سے افسپا نہ ہٹانے کے ریمارکس پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ ایجنڈا آف الائنس میں پی ڈی پی نے افسپا ہٹانے کا وعدہ بھی کیا تھا لیکن کل محبوبہ مفتی نے اس وعدے کو بھی بالائے طاق رکھ کر افسپا کو جاری رکھنے پر مہر ثبت کر دی۔ پی ڈی پی اپنا اقتدار بچانے کیلئے کسی بھی حد تک جا سکتی ہے۔