یوم یکجہتی کشمیر جذبہ ایمانی سے منا کر پوری دنیا کو متو جہ کریں گے: فضل الرحمن
لاہور (خصوصی نامہ نگار) جے یو آئی کے سربراہ اور قومی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ آج 5 فروری کو قوم کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا دن جذبہ ایمانی کے ساتھ مناکر ان کا حق دلوانے کے لئے پوری دنیا کو متوجہ کرے گی اور یہ ثابت کرے گی قوم کا بچہ بچہ کشمیری عوام کے ساتھ ہے۔ انہوں نے پوری قوم خصوصاً جے یو آئی کے کارکنوں پر زور دیا ہے کہ دنیا کے سوئے ہوئے ضمیر کو جگانے کے لئے 5فروری کو سڑکوں پر نکلیں۔ جے یو آئی کے سیکرٹری جنرل مولانا عبد الغفور حیدری نے کہاکہ یوم کشمیر پر عوامی اجتماعات ثابت کریں گے پوری قوم کشمیر میں چلنے والی تحریک آزادی کے ساتھ ہے۔ انہوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ ریلیوں اور جلسوں میں بھر پور شرکت کریں اس حوالے سے جے یو آئی نے آج 5 فروری کو ملک بھر میں کشمیری عوم کے ساتھ یکجہتی کے لئے اپنی ریلیوں، جلوسوں اور تقریبات کو ختمی شکل دے دی ہے اس موقع پر صوبائی اور ضلعی ہیڈکوارٹرز میں ریلیاں، جلوس اور تقریبات منعقدکی جائیں گی۔