کارکردگی کی بنیاد پر ملازمین کو مستقل کرنیکی حکمت عملی تیار کی ہے: منشا اللہ بٹ
لاہور (خبر نگار) صوبائی وزیر بلدیات محمد منشاء اللہ بٹ نے کہا ہے کہ حکومت نے عارضی ملازمین کی کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے مستقل کرنے کی حکمت عملی تیار کر لی ہے۔ حکومت تمام محکموں میں بائیو میٹرک حاضری سسٹم کو مستقل بنیادوں پر لاگو کر رہی ہے تاکہ گھوسٹ حاضری لگانے کے عمل کی نشاندہی ہو سکے اور ایسے ملازمین کے گرد گھیر ا تنگ کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جا سکے جو محکموں کیلئے درد سر بنے ہوئے ہیں۔ حکومت تمام سرکاری ملازمین کی کارکردگی جانچ کر ان کو مرحلہ وار مستقل کرنے کی پالیسی اپنا رہی ہے۔ جس کی مثال واسا کے 1تا10 سکیل کے تقریباً 200 ملازمین کو مستقل کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ویژن کی روشنی میں صوبہ بھر کے تمام سرکاری اداروں کو جدید تقاضوں کے مطابق استوار کیا جا رہا ہے تاکہ مستقبل میں یہ محکمے عوام کی خدمت بہتر انداز میںکر سکیں۔اس سلسلے میں حکومت نے تمام محکموں میں ترقی کا عمل کار کردگی سے مشروط کر دیا ہے۔