جوہر ٹاؤن: گیس سلنڈر پھٹنے سے ہولناک آتشزدگی، 30 دکانیں، متعدد گاڑیاں تباہ، 5 زخمی
لاہور+شیخوپورہ+جوئیانوالہ(نامہ نگاران) جوہر ٹاؤن کے علاقے میں دکان میں گیس سلنڈر پھٹنے سے ہولناک آتشزدگی کی زد میں آکر 30فرنیچر کی دکانیں، 6موٹرسائیکلیں اور 2 گاڑیاں جل کر تباہ ‘5افراد جھلس کر شدید زخمی ہو گئے ۔کروڑوں روپے مالیت کا سامان جل کر تباہ ہو گیا امدادی ٹیموں نے کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا۔ جوہر ٹاؤن کے علاقے حاکم چوک پر واقع ایل پی جی گیس سلنڈر کی دکان میں ری فلنگ کے دوران ایک سلنڈزوردار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں دکان میں آگ لگ گئی۔ آگ کی شدت کی وجہ دکان سے ملحقہ فرنیچر کی مارکیٹ میںموجود کیمیکل اور خشک لکڑی بنی جس نے دیکھتے ہی 30 دکانوں اورپاس کھڑی چھ موٹرسائیکلوں اوردو کاروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اورجس سے دکانوں میںکروڑوں روپے مالیت ، موٹرسائیکلیں اور گاڑیاں جل کر تباہ ہوگئیں۔آتشزدگی سے علاقہ میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ دکاندار زندگی بھر کی کمائی کوجلتا دیکھ کر دھاڑیں مار کر روتے رہے۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیموںنے موقع پر پہنچ کر 4گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا۔ آتشزدگی کے نتیجے میں 5افراد جھلس کرشدید زخمی ہو گئے ہیں۔ جن میں دو افرادکو جنرل ہسپتال جبکہ تین افراد کو جناح ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ شیخوپورہ اورجوئیانوالہ سے نمائندہ نوائے وقت ‘ نمائندہ خصوصی‘ نامہ نگار کے مطابق لاہور روڈچوہدری سٹاپ پر گیس ری فلنگ کرنیوالی نجی فیکٹری میں علی الصبح بائوزر لیکج کے باعث پھٹ گیا، زوردار دھماکہ کی آواز سنتے ہی قرب وجوار کی آبادیوں کے افراد کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے، دھماکہ کی اطلاع ملتے ہی انچارج ریسکیو1122،ایس ڈی او عطاء آباد حبیب اللہ، فائربریگیڈ اورایس ایچ او ہائوسنگ کالونی پولیس جائے دھماکہ پر پہنچ گئے، دھماکہ کے نتیجہ میں 10 افراد زخمی ہوگئے، 2شدید زخمیوں کو لاہور جبکہ8 زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہسپتال شیخوپورہ کی ایمرجنسی میں منتقل کردیا گیا۔ ریسکیواہلکاروں کے مطابق ایل پی جی بائوزر میں لیکج کے بعد زور داردھماکہ ہوا۔ بھگدڑ سے ایک ریسکیو اہلکار سمیت 8 مزدور معمولی جبکہ 2مزدور جھلس کر شدید زخمی ہوگئے۔ شدید زخمی ایک مزدور کی حالت نازک بیان کی جاتی ہے۔