کشتی حادثہ‘ میتیں ایک ہفتہ تک آئیں گی: دفتر خارجہ‘ مرکزی ملزم سمیت 8 انسانی سمگلر گرفتار
اسلام آباد/گوجرانوالہ/ گجرات/ منڈی بہائوالدین(سٹاف رپورٹر+ نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار) ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے کہا لیبیا میں کشتی کو حادثے کا افسوسناک واقعہ31 جنوری کو پیش آیا، میتیں ایک ہفتہ کے اندر پاکستان پہنچ جائیں گی، کشتی میں سوار 80سے 90افراد میں سے 32پاکستانی شہری تھے، پاکستانی مشن کو بتایا گیا حادثے میں 17کی شناخت ہوئی، 13نعشیں ملی ہیں۔ پریس کانفرنس میں انہوں نے بتایا پاکستانی مشن اسی دن جائے حادثہ پہنچ گیا تھا۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق ایف آئی اے کی ٹیم نے سانحہ لیبیا میں ملوث چار ایجنٹوں کو حراست میں لے لیا، ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے مفخر عدیل کی ہدایت پر ایف آئی اے کی ٹیم نے گجرات، منڈی بہائوالدین اور گوجرانوالہ میں چھاپے مارتے ہوئے سانحہ لیبیا میں ملوث چار ایجنٹوں نثار احمد، صفدر، کامران اور اسلم کو گرفتار کیا ہے، جن کیخلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ گجرات سے نامہ نگار کے مطابق کشتی ڈوبنے کے واقعہ میں جاں بحق ہونیوالوں میں ایک ہی خاندان کے چار افراد شامل ہیں، کشتی میں ڈنگہ کے گائوں راجو بھنڈ کے رہائشی اسماعیل اسکی بیوی عصمت بی بی، پانچ سالہ بیٹا سعد، اڑھائی سالہ بیٹی فاطمہ بھی شامل ہے جو لیبیا سے بذریعہ کشتی اٹلی جارہے تھے۔ سرائے عالمگیر سے نامہ نگار کے مطابق ایف آئی اے پولیس نے چھاپہ مار کر دو انسانی سمگلر گرفتار کرلئے، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایف آئی اے خرم یوسف نے اچانک چھاپہ مار کر سادہ لوح عوام کو غیر قانونی طریقوں سے بیرون ممالک بھجوانے والے خاور جاوید، محسن عباس کو گرفتار کر کے انکے قبضہ سے پاسپورٹ، جعلی ویزے، مہریں وغیرہ برآمد کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ منڈی بہائوالدین سے نامہ نگار کے مطابق اٹلی جانے کے خواہشمند بدقسمت منڈی بہائوالدین کے چار نوجوانوں میں سے ایک نوجوان اکرام الحق کو بڑے بھائی نے بارہ لاکھ روپے شفاقت علی نامی انسانی سمگلر کو دیکر یورپ کیلئے حوالے کیا تھا، ڈنگہ سے نامہ نگار کے مطابق کشتی حادثہ میں جاں بحق ہونے والے 6افراد کا تعلق علاقہ ڈنگہ سے ہے ان میں سے 4 افراد کا تعلق نواحی گائوں راجو اور کھوڑی عالم سے ہے، چار افراد محمد اسماعیل رحمت خاں، سعد اللہ اور اسماعیل کی بیوی ایک ہی خاندان سے تھیں یہ عرصہ دراز سے لیبیا میں مقیم تھے اب اب یہ یورپ جارہے تھے کہ حادثہ کا شکار ہوگئے۔ آئی این پی کے مطابق لیبیاکشتی حادثے میں پاکستانیوں کی ہلاکت کے بعد ایف آئی اے نے بیرون ملک بھجوانے والے ایجنٹوں کے خلاف گجرات میں کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم محبوب شاہ کو ساتھی مدثر سمیت گرفتار کرلیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹرایف آئی اے نے کہا انسانی سمگلنگ میں محبوب شاہ کا بھائی اور بیٹا بھی ملوث ہے۔ ملزم محبوب شاہ کا بھائی لیبیا اور بیٹا اٹلی میں ہے۔ ملزم لوگوں کو دبئی سے لیبیا اور یورپ بھجواتے تھے۔