جامشورو میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی
کوٹری (نامہ نگار) ایس ایس پی جامشورو عرفان بہادر نے دعویٰ کیا ہے کہ ضلع جامشورو میں جرائم پیشہ افراد کا قلع قمع کردیا گیا ہے ۔ایک دہشت گرد سمیت 639ملزمان کو گرفتار جبکہ بڑے پیمانے پر اسلحہ اور آتش گیر مادہ بھی برآمد کیا گیا ہے ۔ یہ بات انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ 6ماہ میں725مقدمات درج کیے گئے ۔18پولیس مقابلوں میں 12ملزمان زخمی حالت میں گرفتارکیے گئے ۔ایک دہشت گرد اور ہائی ویز پر ڈکیتی کرنے والے 12ڈاکوؤں کو بھی گرفتار کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ مختلف کاروائیوں کے دوران کروڑوں روپے مالیت کی ہیرون ،چرس ،بھنگ اور شراب برآمد کی گئی جس میں 5879لیٹر شراب ،107کلوچرس ،04کلو افیون ،3172کلو بھنگ ،542گرام ہیرون ،گٹکا اور سپاری کی 4905بوریاں ،92کارٹن ،2607پیکٹس بھی پولیس نے تحویل میں لے لیے ۔ایس ایس پی جامشورو نے بتایا کہ پولیس انڈس ہائی وے ،نیشنل ہائی وے اور سپرہائی وے پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے اور دیگر صوبوں سے آنے والے افراد اور سامان کو بھی چیک کیاجارہا ہے ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جامشورومیں قائم جامعات میں بھی پولیس ، رینجرز اور یونیورسٹی انتظامیہ کی مشترکہ کوششوں سے یہاں کے تعلیمی ماحول کو پرامن بنادیا گیا ہے۔