بجارانی کی موت سے پیپلز پارٹی کو دھچکا لگا‘ خورشید شاہ
سکھر (بیورو ر پورٹ) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ میر ہزار خان بجارانی کی وفات سے جو خلاء پیدا ہوا ہے‘ اس کوپورا کرنا انتہائی مشکل ہے۔ میر ہزار خان بجارانی کے ساتھ 1974ء سے تعلق تھا‘ دونوں 9 ماہ تک ایک ساتھ جیل میں رہے تھے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ خورشید شاہ نے کہا کہ ہزار خان بجارانی کی موت سے پیپلز پارٹی کو دھچکا لگا ہے۔ علاوہ ازیں جمعیت علماء اسلام سندھ کے جنرل سیکرٹری مولاناراشد سومرو اورناصر محمود سومرونے صوبائی وزیر میر ہزار خان بجارانی کی ناگہانی موت پر تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعہ کی تفتیش کرکے اس کے اصل حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اپنی ہی حکومت میں اپنے وزیر اور ایم پی اے کا تحفظ نہیں کرسکتی تو وہ عام آدمی کا تحفظ کیسے کرے گی۔ انہوں نے مرحومین کے ورثاء سے تعزیت کا اظہار کیا۔