حیدرآباد میں پولیس‘ حیسکو‘ بااثر افراد کے خلاف مظاہرے‘ دھرنے‘ ریلیاں
حیدرآباد(نمائندہ نوائے وقت) حیدرآباد پریس کلب کے سامنے سینکڑوں افراد نے حیسکو پولیس اور دیگر اداروں کی ناانصافیوں کے خلاف مظاہرہ کرتے ہوئے دھرنے دیئے۔ میہڑ میں تین افراد کے قتل کا مقدمہ نواب سردار چانڈیو اور ان کے بھائی نواب برہان چانڈیو کے خلاف درج کئے جانے کے خلاف چانڈیو برادری کے افراد نے پنہل چانڈیو‘ غلام حسین چانڈیو‘ نور محمد چانڈیو اور دیگر کی قیاد ت میں احتجاج کیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ چانڈیو برادری کے سرداروں کے خلاف درج جھوٹے مقدمات ختم کئے جائیں۔٭سندھ متوفی کوٹہ ایکشن کمیٹی نے شیراز قریشی‘ امتیاز سہار‘ شفیق وگھیو اور دیگر کی قیادت میں احتجاج کیا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں سرکاری محکموں میں 40ہزار سے زائد اسامیاں خالی ہیں جن پر بے روزگاروں کو بھرتی نہیں کیا جارہا۔ تاہم دیگر خالی اسامیوں پر من پسند افراد کو بھرتی کیا جارہاہے۔٭ٹنڈو محمد خان کی رہائشی مسماۃ ماروی زوجہ حسین بخش مگسی نے پولیس کی زیادتیوں اور ان کے گھر ڈکیتی کرنے والے ملزمان کی عدم گرفتاری پر احتجاج کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے گھر سے دو ماہ قبل ملاح برادری کے افراد نے اسلحہ کے زور پر لوٹ مار کی اور اہلخانہ پر تشدد کرکے فرار ہوگئے۔ انہوںنے کہا کہ ٹنڈو محمد خان تھانہ پر مقدمہ درج کرائے جانے کے باوجود پولیس ملزمان کو گرفتار کرنے کی بجائے خود متاثرہ خاندان کو ہراساں کررہی ہے۔حیدرآباد تحصیل کے مختلف دیہات کے مکینوں نے 35 گوٹھوں کی بجلی گذشتہ تین ماہ سے بند ہونے کے خلاف مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر رکن ضلع کونسل حیدرآباد زیب النساء ملاح‘ عابد ملاح‘ فرحان سولنگی اورنگزیب جہیجو اور دیگر نے الزام لگایا کہ حیسکو اہلکار بھتہ طلب کررہے ہیں حالی روڈ کے مکینوں نے علاقہ پولیس کے خلاف مظاہرے کئے۔ اس موقع پر ہندو برادری کے ڈاکٹر امرش ٹھاکر‘ نارو ٹھاکر‘ ویرو مل اور دیگر نے کہا کہ پولیس بلاجواز ان کے گھروں پر ہلہ بول کر خواتین اور بچوں کو تشدد کرنے کے ساتھ مردوں کو بلاجواز گرفتار کررہی ہے۔ عمر کوٹ کے گوٹھ عیپن جو پارکھا ہوڑ کے حر مجاہد فقیرمحمد رمضان سمیجو نے اپنے چچا زاد بھائیوں کے خلاف پریس کانفرنس کرتے ہوئے انصاف کی اپیل کی ہے۔ نواب سردار چانڈیو اوربرہان چانڈیو کے خلاف مقدمہ درج ہونے کے خلاف چانڈیو نوجوان اتحاد سندھ اور پیس فور کی جانب سے مظاہرے کئے گئے۔ اس موقع پر عبد الحفیظ چانڈیو‘ عبد الحلیم چانڈیو‘ عبد الوہاب چانڈیو‘ منظور احمد چانڈیو دلداراحمد چانڈیو اور دیگر نے خطاب کیا۔ حیدرآباد کے گوٹھ ولی محمد ڈیشک نے مکینوں نے بااثر افراد کے خلاف احتجاج کیا۔ اس موقع پر بوڑھو‘ ڈیشک‘ امر داس ٹھاکر‘ ہرسن اور دیگر نے مطالبہ کیا کہ ٹھاکر برادری کے دو گھروں پر قبضہ کرنے والے بااثر افراد کے مختلف کارروائی کرکے قبضے ختم کرائے جائیں۔ سعید آباد کے گوٹھ بچل کا کا کے ہائشی پسند کی شادی کرنے والے نوجوان صلاح الدین کاکا نے اپنے خلاف سسرالیوں کی جانب سے من گھڑت مقدمے بنوائے جانے کے خلاف احتجاج کیا۔ میرپور خاص ریلوے کالونی کے عمر رسیدہ ملازم پیر بخش منگنہار نے دو سال قبل اغواء کی گئی اپنی بیٹی سحرش کی بازیابی کیلئے مظاہرہ کیا۔ کوٹری کے علاقے خدا کی بستی نمبر تین کے عبدالمجید بوزدار نے اپنے 4 سالہ بیمار بچے کا سرکاری خرچ پر علاج کرانے کیلئے احتجاج کیا۔