ایف آئی اے کا کریک ڈاﺅن سانحہ لیبیا میں ملوث6 ایجنٹس گرفتار
گوجرانوالہ (صباح نیوز) ایف آئی اے نے لیبیا میں کشتی حادثے میں پاکستانی شہریوں کی ہلاکتوں کے بعد غیرقانونی طریقے سے بے روزگار افراد کو بیرون ملک بھیجنے والے ایجنٹس کے خلاف کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے مفخر عدیل کے مطابق ایف آئی اے نے گجرات، منڈی بہاالدین اور گوجرانوالہ میں کارروائیاں کرتے ہوئے 6 ایجنٹس کو گرفتار کرلیا ہے، گرفتار ملزمان میں نثاراحمد، صفدر حسین، کامران اور اسلم شامل ہیں۔ایف آئی اے حکام کے مطابق 2 فروری کو لیبیا کے ساحل کے قریب کشتی حادثے میں متعدد پاکستانی جاں بحق ہوگئے تھے اور بیشتر کی شناخت بھی ہوچکی ہے۔ جاں بحق ہونے والوں میں 8 افراد کا تعلق گجرات سے تھا جن میں ایک ہی گھر کے 4افراد اسماعیل، اہلیہ عظمت بی بی، 5سالہ سعد اور ڈیڑھ ماہ کی بچی بھی شامل ہے۔ لقمان علی اور حمزہ فاروق کا تعلق جلال پور جٹان کے علاقے پیجو سے تھا، کامران اقبال ڈنگہ اور ذبیح اللہ کھوڑی کا تعلق عالم تحصیل سے تھا۔