بھارت ظلم وبربریت سے کشمیریوں کا حق آزادی نہیں چھین سکتا: جاوید قصوری
لاہور (خصوصی نامہ نگار)نائب امیر جماعت اسلامی صوبہ پنجاب جاوید قصوری نے کہاہے کہ بھارت ظلم وبربریت کے ذریعے کشمیریوں کو آزادی کی نعمت سے نہیں روک سکتا. کشمیریوں کو حق خودارادیت دیئے بغیر اقوام متحدہ کا امن مشن ادھوار ہے ۔ ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز انہوں نے کشمیری بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے منصورہ تا مصطفی ٹائون تک نکالے جانے والی احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد ، امیرلعظیم ، عبدالعزیز عابد ، اے ڈی کاشف ، محمد شفیق ملک نے بھی خطاب کیا ۔ جاوید قصوری نے مزید کہا کہ بھارت برسوں سے مظلوم کشمیریوں کے خون کے ساتھ ہولی کھیل رہا ہے جبکہ دنیا بھر میں امن کے ٹھیکیداروں نے کشمیریوں کے قتل عام پر آنکھیں بند کر رکھی ہیںاگر مسئلہ کشمیر حل ہو جائے تو پاکستان اور بھارت کے کروڑوں لوگ غربت کی دلدل سے باہر نکل آئیں گے اور خطے میں امن قائم ہو جائے گا۔ذکر اللہ مجاہد نے یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے شہر بھر میں نکالے جانے والی احتجاجی ریلیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کل 5فروری بروز پیر کو مال روڈ پر شہریان لاہور کی بڑی تعداد بھارتی ظلم و بربریت کے خلاف اور کشمیریوں بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے مارچ کریں گے۔