کشمیریوں کے ساتھ کلمہ طیبہ کا رشتہ ہے: میاں جمیل
لاہور (خبر نگار) کشمیریوں سے کلمہ طیبہ کا رشتہ ہے۔ حمایت کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے۔ ان خیالات کا اظہار تحریک دعوت توحید کے مرکزی قائد میاں محمد جمیل نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کو کشمیر اور فلسطین میں مظالم اس لئے نظر نہیں آتے کہ وہاں مسلمان بستے ہیں۔ فلسطینیوں اور کشمیریوں کی قربانیوں پر امت مسلمہ ہمیشہ نازاں رہے گی۔ میاں محمد جمیل نے کہا کہ کشمیریوں اور فلسطینیوں کے ساتھ عقیدہ اور عقیدت کا رشتہ ہے۔ امت مسلمہ کے دل دونوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین اور کشمیری شہداء کا خون رنگ لائے گا۔ قربانیاں ضائع نہیں کی جائیں گی۔ آزادی کا سورج جلد طلوع ہو گا۔ میاں محمد جمیل نے کہا کہ کشمیری تکمیل پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ الحاق کے بغیر تقسیم ہند کا ایجنڈا نامکمل ہے۔ میاں محمد جمیل نے کہا کہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کو بھارت جبر سے دبا نہیں سکتا۔ انشاء اللہ مقبوضہ کشمیر میں ماؤں، بہنوں، بیٹیوں، نوجوانوں، بچوں اور بزرگوں کی قربانیاں بہت جلد ثمرآور ہونگی اور آزادی کی صبح جلد طلوع ہو گی۔ میاں محمد جمیل نے کہا کہ تحریک دعوت توحید فلسطینیوں اور کشمیریوں کے شانہ بشانہ ہے۔