پاکستان کی تمام سیاسی پارٹیاں سی پیک کی حمایت کرتی ہیں، مریم اورنگزیب
بیجنگ(اے پی پی )وزیر مملکت اطلاعات و نشریات ،قومی تاریخ و ادبی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سی پیک خطہ میں امن اور مشترکہ معاشی خوشحالی کا پیش خیمہ ہے،چینی صدر کا ون بیلٹ ون ر وڈ ویژن نہ صرف چین کے عوام کی تقدیر بدل دے گا بلکہ اس سے خطہ اور پوری دنیا کے عوام مستفید ہوں گے،سی پیک پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم بنائے گا،مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے توانائی بحران پر قابو پالیا،سسٹم میں11 ہزار میگاواٹ بجلی کا اضافہ کیا،توانائی بحران پر قابو پانے میں چین کی مدد شامل ہے ،پارٹی وابستگی سے بالا تر پاکستان کی تمام سیاسی پارٹیاں سی پیک کی حمایت کرتی ہیں،پاکستانی حکومت چینی شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کررہی ہےسی پیک خطہ میں امن اور مشترکہ معاشی خوشحالی کی علامت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو بیجنگ میں سی پی سی کی سینٹرل کمیٹی کے شعبہ نشریات کے نائب وزیر اور وزیر برائے سٹیٹ کونسل انفارمیشن آفس مسٹر جیانگ جیانگو سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ وزیر مملکت ان دنوں چینی حکومت کی دعوت پر چین کے 4 روزہ سرکاری دورہ پر ہیں۔انہوں نے پرتپاک مہمان نوازی پر وزیر کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے کہا کہ چین کا دورہ ایسے ہی ہے جیسے میں اپنے گھر میں ہوں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے مابین تعاون کی بہترین مثال قائم ہے جس کی بنیاد دونوں ممالک کے ماضی کے راہنماﺅں نے رکھی تھی۔انہوں نے کہا کہ چینی صدر کا ون بیلٹ ون روڈ ویژن نہ صرف چین کے عوام کی تقدیر بدل دے گا بلکہ اس سے خطہ اور پوری دنیا کے عوام مستفید ہوں گے۔وزیر مملکت نے کہا کہ سی پیک پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم بنائے گا۔ پاک چین تعلقات انتہائی مضبوط ہیں کیونکہ یہ احترام اور باہمی ترقی کی بنیادوں پر استوار کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ لوک کہانیوں کے ذریعے ان کے اثرات پاکستانی ثقافت پر بھی مرتب ہوئے ہیں جو منفرد اور دیرپا ہیں۔وزیر مملکت نے میزبانوں کو آگاہ کیا کہ پارٹی وابستگی سے بالا تر پاکستان کی تمام سیاسی پارٹیاں سی پیک کی حمایت کرتی ہیں جس سے خطے میں امن اور خوشحالی آئے گی۔انہوں نے یہ بھی یقین دلایا کہ پاکستانی حکومت چینی شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے۔انہوں نے اس خواہش کا بھی اظہار کیا کہ دونوں ملکوں کے درمیان میڈیا اور ثقافت کی سطح پر وفود کا تبادلہ ہونا چاہیے اور دونوں ملکوں کے درمیان باہمی تعاون کو مزید فروغ دیا جانا چاہیے۔وزیر مملکت نے کہا کہ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے اور ہم نے اس جنگ میں کامیابی بھی حاصل کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ حقائق اس بات کے گواہ ہیں کہ 2013ءمیں 26 سو دہشت گرد حملے ہوئے جو 82 فیصد کم ہوکر 160 کی سطح تک آگئے ہیں۔قبل ازیں ملاقات کے دوران چینی وزیر نے وزیر مملکت کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ وزیر مملکت کا چین کا پہلا سرکاری دورہ ہمارے باعث مسرت ہے ،دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان اعلیٰ سطح کا باہمی اعتماد، احترام اور دوستی قائم ہے۔انہوں نے کہا کہ سی پیک بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کا فلیگ شپ منصوبہ ہے جو مشترکہ مستقبل کی بنیاد ہے،چینی وزیر نے 2017ءمیں اپنے پاکستانی دورے کی خوشگوار یادوں کا بھی ذکر کیا۔ملاقات کے موقع پر چین میں پاکستان کے سفیر مسعود خالد بھی موجود تھے انہوں نے کہا کہ چین کا سٹیٹ کونسل انفارمیشن آفس دنیا بھر میں چین کے ویژن کے فروغ میں اہم کردار ادا کررہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس وقت چین میں 22 ہزار طالب علم تعلیم حاصل کررہے ہیں جو پاک چین دوستی کے مستقل سفیر ہوں گے۔اس موقع پر دونوں ملکوں کے سینئر حکام بھی موجود تھے۔