سینیٹ انتخابات‘ پی ٹی آئی‘ پی پی اور ق لیگ میں رابطے‘ مشترکہ حکمت عملی سمیت معاملات پر گفتگو
لاہور(نوائے وقت نےوز‘ این این آئی )سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے کو چیئرمین اصف علی زرداری سے مسلم لیگ قاف کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے بلاول ہاوس لاہور میں ملاقات کی ہے جس میں سینیٹ انتخابات کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔چوہدری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ سینیٹ انتخاب کیلئے مشترکہ حکمت عملی تیارکی جائے گی۔واضح رہے کہ اس سے قبل چوہدری برادران سے پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے اپنے وفد کے ہمراہ ملاقات کی اور پنجاب سے سینیٹ الیکشن میں اپنے امیدوار چوہدری محمد سرور اور مسلم لیگ ق کے امیدوار کامل علی آغاکی کامیابی کے لئے مشترکہ حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا دریں اثناء مسلم لیگ (ق) اور تحریک انصاف نے سینیٹ انتخابات کے معاملے پر آٹھ رکنی کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے مستقبل میں بھی مل کر چلنے کے عزم کا اظہار کیا ہے ۔ تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی قیادت میں وفد نے مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت اور چوہدری پرویز الٰہی سے ان کی رہائشگاہ میں ملاقات کی ۔ اس موقع پر شفقت محمود ،چوہدری محمد سرور، میاں محمود الرشید ، طارق بشیر چیمہ ، چوہدر ی ظہیر الدین اور دیگر بھی موجود تھے ۔ اس موقع پر سینیٹ انتخابات کے معاملے پر آٹھ رکنی کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا جو ملاقات کر کے حکمت عملی مرتب کرے گی۔ کمیٹی میں مسلم لیگ (ق) کی جانب سے طارق بشیر چیمہ، چوہدری ظہیر الدین، عظیم الدین لکھوی ، بشارت راجہ جبکہ تحریک انصاف سے شفقت محمود ، عبد العلیم خان ، میاں محمود الرشید اور سبطین خان شامل ہوں گے ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مسلم لیگ (ق) کی قیادت سے انتہائی خوشگوار ماحول میں ملاقات ہوئی ہے جو معاملات کو آگے بڑھانے میں مدد گار ثابت ہو گی ۔ پہلے بھی مسلم لیگ (ق) کے ساتھ چلنے میں کوئی دشواری نہیں تھی اور اب بھی متفقہ حکمت عملی اپناتے ہوئے بہتر نتائج حاصل کرنے کی کوشش کریں گے ۔ چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ ملاقات میں سینیٹ انتخابات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ہے اور فیصلہ ہوا ہے کہ ہم نے مل کر انتخاب میں اترنا ہے ۔ اس سلسلہ میں کمیٹی بن گئی ہے جو حکمت عملی مرتب کرے گی ۔ پی ٹی آئی کی جانب سے چوہدری محمد سرور اور (ق) لیگ کی طرف سے کامل علی آغا امیدوار ہیں اور دونوں امیدوار انتخاب لڑیں گے او رجیتیں گے۔
پی ٹی آئی/ ق لیگ