امریکہ دنیا کو تباہی کے قریب لے آیا، ایران: امن مخالف سمت میں نہ بھاگا جائے، چین بھی برس پڑا
تہران‘ واشنگٹن (آئی این پی+اے ایف پی+این این آئی) امریکی فوج کی طرف سے بڑے پیمانے پر روس سے نمٹنے کیلئے اپنے جوہری ہتھیاروں کو تبدیل کرنے اور نئے چھوٹے ایٹم بم بنانے کی تجویز اور نئی امریکی جوہری پالیسی کی ایران نے مذمت کرتے کہا امریکہ دنیا کو تباہی کے قریب لے آیا ہے۔ یہ بات وزیر خارجہ جواد ظریف نے کہی۔ انہوں نے کہا امریکی پالیسی این پی ٹی معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔ یہی رویہ جوہری ڈیل پر امریکہ نے اپنایا ہوا ہے۔ ٹرمپ اسے بھی تباہ کرنا چاہتے ہیں۔ ادھر چین نے بھی پالیسی کی مخالفت کرتے کہا امریکہ غلط انداز سے نہ لگائے۔علاوہ ازیں چین نے امریکہ کو خبردار کیا ہے کہ وہ سرد جنگ کی ذہنیت سے باہر آجائے اور امن مخالف سمت میں بھاگنے کی کوشش نہ کرے۔ چینی وزرات دفاع کی جانب سے ردعمل میں کہا ہے کہ امریکہ جوہری ہتھیاروں میں کمی کیلئے اپنی ذمہ داری نبھائے۔چینی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ امریکہ نے چین کے جوہری خطرات کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا ہے اور امریکی وزارت دفاع کی جوہری نظرثانی پالیسی کی مخالفت کرتے ہیں۔چینی حکام کا کہنا ہے کہ چین نے ہمیشہ جوہری ہتھیار کی تیاری میں انتہائی تحمل کا مظاہرہ کیا ہے اور اپنی قومی سلامتی کی ضرورت کے حساب سے اپنی صلاحیت کو کم سے کم حد تک محدود رکھا ہے۔یاد رہے کہ اس سے قبل روس نے بھی نئی امریکی جوہری پالیسی کی مخالفت کی ہے اور اسے تصادم پیدا کرنے والی پالیسی قرار دیا ہے۔