روس کی پاکستان کو سخوئی سپر جیٹ مسافر طیارے فروخت کرنے کی پیشکش
اسلام آباد (اے این این) روس نے پاکستان کو مسافر بردار طیارے فروخت کرنے کی پیشکش کی اور اس ضمن میں ایک خصوصی طیارہ SSJ 100 اسلام آباد بھیجا ہے جس کا مشیر ہوا بازی سردار مہتاب نے معائنہ کرکے مشاورت کیلئے وقت مانگا ہے۔ شہری ہوا بازی کے ذرائع کے مطابق روس نے دنیا کا ایک جدید ترین درمیانی جسامت کا جیٹ طیارہ تیار کر لیا ہے جس میں سو نشستیں ہیں جب کہ روسی طیارہ ساز کمپنی سخوئی سپر جیٹ 100 نے اپنا جدید ترین طیارہ گزشتہ روز خصوصی انتظام کے ساتھ بینظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈ کرایا۔خصوصی طیارے میں روسی طیارہ ساز کمپنی کے سنیئر عہدیدار روسی حکام بھی آئے، بینظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پروزیراعظم پاکستان کے خصوصی مشیر برائے ایوی ایشن ڈویژن سردار مہتاب خان نے اپنی ٹیم کے ہمراہ طیارے کا معائنہ کیا۔ وسی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو سے سردار مہتاب خان اور ان کے رفقا کو جن میں وفاقی سیکرٹری ایوی ایشن ڈویژن عرفان الہی پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مشرف رسول پی آئی اے کے سنیئر پائلٹ سول ایوی ایشن اتھارٹی کے عہدیدار نے روسی وفد سے اس طیارے کے بارے میں مذاکرات کئے فریقین نے ایک دوسرے سے استفسارات کا جامع تسلی بخش جواب دیا۔ پاکستانی ٹیم کے سربراہ سردار مہتاب خان عباسی نے روسی وفد کے سربراہ سے کہا کہ ہمارے ماہرین اس طیارے کے تمام پہلوؤں اور اپنی ضروریات کا ملحوظ رکھ کر حتمی فیصلہ کرینگے، اس کے ٹیکنیکل پہلوؤں کا مطالعہ کرینگے۔روسی وفد نے وزیراعظم پاکستان کے مشیر برائے ایوی ایشن ڈویژن کے خیالات سے مکمل اتفاق کیا اور کہا کہ اپنے دوست ملک پاکستان کی قومی فضائی کمپنی پی آئی اے کے فضائی بیڑے میں پہلی بار روسی ساختہ مسافر بردار جیٹ طیارے کی شمولیت کے دل و جان سے خواہاں ہیں۔