یوم یکجہتی کشمیر جذبہ ایمانی سے منا کر پوری دنیا کو متوجہ کریں گے: فضل الرحمن
لاہور (خصوصی نامہ نگار) جے یو آئی کے سربراہ اور قومی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ آج 5 فروری کو قوم کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا دن جذبہ ایمانی کے ساتھ مناکر ان کا حق دلوانے کے لئے پوری دنیا کو متوجہ کرے گی اور یہ ثابت کرے گی قوم کا بچہ بچہ کشمیری عوام کے ساتھ ہے۔ انہوں نے پوری قوم خصوصاً جے یو آئی کے کارکنوں پر زور دیا ہے کہ دنیا کے سوئے ہوئے ضمیر کو جگانے کے لئے 5فروری کو سڑکوں پر نکلیں۔ جے یو آئی کے سیکرٹری جنرل مولانا عبد الغفور حیدری نے کہاکہ یوم کشمیر پر عوامی اجتماعات ثابت کریں گے پوری قوم کشمیر میں چلنے والی تحریک آزادی کے ساتھ ہے۔ انہوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ ریلیوں اور جلسوں میں بھر پور شرکت کریں اس حوالے سے جے یو آئی نے آج 5 فروری کو ملک بھر میں کشمیری عوم کے ساتھ یکجہتی کے لئے اپنی ریلیوں، جلوسوں اور تقریبات کو ختمی شکل دے دی ہے اس موقع پر صوبائی اور ضلعی ہیڈکوارٹرز میں ریلیاں، جلوس اور تقریبات منعقدکی جائیں گی۔ اسلام آباد میں ریلی کی قیادت مولانا عبد الغفور حیدری، مولانا قمرالدین، حاجی محمد اکرم خان درانی، لاہور میں مو لانا محمد امجد خان، مولانا محب النبی، مولانا نعیم الدین، مفتی عزیز الرحمن، حافظ اشرف گجر، محمد افضل خان، کوئٹہ میں حافظ حسین احمد، مولانا فیض محمد، ملک سکندر خان، پشاور میں حاجی شمس الرحمن شمسی، مولانا شجاع الملک، حاجی عبد الجلیل جان، کراچی میں محمد اسلم غوری، مولانا راشد خالد محمود سومرو، قاری محمد عثمان، مولانا غیاث الدین، سکھر میں مولانا سائیں عبدالقیوم ہالیجوی، لاڑکانہ میں مولانا ناصر محمود سومرو، صوابی میں مولانا فضل علی حقانی، رحیم یار خان میں مولانا محمد یوسف، مولانا خلیل الرحمن درخواستی، مولانا عبد الرئوف ربانی، مولانا رشید احمد لدھیانوی، سرگودھا میں مولانا مفتی شاہد مسعود، فیصل آباد میں مولانا سید زکریا شاہ، جھنگ میں چوہدری شہباز گجر جبکہ دیگر اضلاع میں مختلف رہنما کریں گے۔