2 روزہ اہلحدیث کانفرنس مارچ میں ہو گی، امام کعبہ خطاب کرینگے: ساجد میر
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے آل پاکستان دو روزہ اہل حدیث کانفرنس مارچ میں منعقد کرنے کا اعلان کردیا ہے، جس میں امام کعبہ سمیت عالمی شخصیات شرکت کریں گی۔ 24 ویں آل پاکستان اہل حدیث کانفرنس 8 اور9 مارچ کو کالا شاہ کاکو جی ٹی روڈ انٹرچینج پر واقع کیپٹل سٹی میں منعقد ہو گی۔ جس سے امام کعبہ خصوصی خطاب کریں گے۔ اس امر کا فیصلہ مرکز 106 راوی روڈ میں مرکزی کابینہ و عاملہ کے مشترکہ اجلاس میں کیا گیا، جس کی صدارت پروفیسر ساجد میر نے کی جبکہ اجلاس میں مرکزی ناظم اعلی وفاقی وزیر مواصلات ڈاکٹر حافظ عبدالکریم سمیت کابینہ و عاملہ کے ارکان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اجلاس کے بعد پروفیسر ساجد میرنے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آل پاکستان اہل حدیث کانفرنس ملک میں غلبہ اسلام اور دینی اقدار کے تحفظ کے لیے سنگ میل ثابت ہو گی۔ مولانا عبدالر شید حجازی کو کانفرنس کا ناظم مقرر کیا گیا ہے۔ پروفیسر ساجد میر نے کہا کہ سینٹ کے انتخابات کا بروقت انعقاد خوش آئند ہے اسی طرح عام انتخابات کو شفاف بنانے کے لیے تمام سیاسی ومذہبی جماعتوں کو ضابطہ اخلاق وضع کرنا چاہیے تاکہ ہارس ٹریڈنگ اور بعض قوتوں کی طرف سے مرضی کی ’’نتیجہ سازی‘‘ کا راستہ روکا جاسکے۔ اجلاس میں حاجی عبدالرزاق، مولانا نعیم بٹ،علامہ شفیق پسروری، مولانا یوسف انور، عبدالمالک مجاہد،حافظ عبدالستار حامد، مولانا عبدالباسط شیخوپوری، نذیر انصاری، قاری صہیب، عبدالرحمن لدھیانوی ، حماد لکھوی، قاری عبدالحفیظ، عبدالرشید حجازی، عبدالحمید جہلمی ،مولانا فضل الرحمن مدنی، ڈاکٹر ذاکر شاہ، مولاناصادق عتیق، حافظ عثمان شاکر، مولانا یوسف پسروری، خلیق پسروری،مولانا یاسین راہی، حافظ یونس آزاد، حافظ فیصل افضل، نصراللہ خاں، امتیاز مجاہد،بشیر انصاری، یاسین ظفر، مولانانجیب اللہ، ملک سلیمان،سلمان اعظم، حافظ مسعود اظہر،قاری عنایت اللہ، قاری عبدالرحیم گجر سمیت دیگر ارکان نے شرکت کی۔