پیپلزپارٹی کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گی، آصف زرداری
کراچی( اسٹاف رپورٹر) سابق صدر آصف علی زرداری پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، وزیراعلیٰ مراد علی شاہ اور صوبائی وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال نے اپنے ایک بیان میں کشمیریوں کی عظیم جدوجہد کو سراہتے ہوئے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وقت آگیا ہے اب وہ اپنا وعدہ پورا کرے۔سابق صدر پاکستان اور پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے یوم کشمیر کے موقع پر کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گی۔ انہوں نے بہادر کشمیریوں کی عظیم جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کو چاہیے کہ وہ اس مسئلے کے حل کے لئے ٹھوس اقدامات لے تاکہ کشمیریوں پر مصائب کا خاتمہ ہو اور خطے میں امن قائم ہو۔ انہوں نے کہا کہ سات دہائیوں پہلے کشمیریوں سے کیا گیا وعدہ پورا نہیں کیا گیا اور اب وقت آگیا ہے کہ اقوام متحدہ اپنے وعدے کو پورا کرے اور کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلائے۔ انہوں نے کہا کہ ایسا کرنا خطے اور عالمی امن کے لئے اشد ضروری ہے۔ یوم کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں سابق صدر نے کہا کہ حق خودارادیت بنیادی حقوق میں سے ایک ہے جو اقوام متحدہ کے چارٹر میں بھی موجود ہے اور اس حق کو تاخیری یا کسی اور حربے سے غصب نہیں کیا جا سکتا۔پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی عوام بھارتی فورسز کی بدترین بربریت کا شکار ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ کشمیریوں کے خلاف کیمیائی اسلحہ اور چھرے والی بندوقوں کے استعمال کے متعلق رپورٹس پر تحقیقات کریں۔ یوم کشمیر کے موقعے پر اپنے پیغام میں پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ کشمیری اپنے حق خود ارادیت کی خاطر ہزاروں جانیں گنوانے اور آبادی کا ایک بہت بڑا حصہ بگاڑنے اور معذور بنائے جانے کے باوجود گذشتہ 70 سالوں سے پرامن جدوجہد کر رہے ہیں۔ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے5فروری یو م کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں مقبوضہ کشمیر کے کشمیریوں سے اظہا ر یکجہتی کرتے ہوئے کہا ہے کہ حق خودارادیت کشمیریو ں کا بنیادی حق ہے جسے اقوام عالم نے بھی تسلیم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریو ں کو حق خودارادیت دلانے کے لئے شہید ذوالفقا رعلی بھٹو نے بڑی جدوجہد کی تھی ۔ صوبائی وزیر داخلہ سندھ سہیل انور خان سیال نے یوم کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کشمیری عوام کو جدوجہد آزادی کے لئے زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی بہادر اور دلیر عوام نے گزشتہ ستر سال سے قربانیوں اور شہادتوں کی وہ لازوال تاریخ رقم کی ہے جس کی کوئی نظیر ملتی۔ سہیل انور خان سیال کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی نے اپنے دور حکومت میں مسئلہ کشمیر کو اس کی عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے پر زور دیا ۔