پاکستانیوں کے غیر ملکی اکائونٹس کی تحقیقات کر کے ملکی دولت واپس لی جائے: جماعت اسلامی
کراچی(نیوز رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ کی مجلس شوریٰ نے چیف جسٹس آف پاکستان کے پاکستانیوں کے بیرون ملک اثاثہ جات ،غیر قانونی رقوم واکائونٹس کے ازخود نوٹس کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیاہے کہ بیرون ملک غیر قانونی رقوم کی تفصیلی رپورٹ لیکر پندرہ دن کے اندر اکائونٹس کی صاف شفاف تحقیقات اور ملکی دولت کو واپس لایا جائے۔ جن لوگوں نے غیر قانونی طور پر بیرون ملک قومی دولت منتقل کی ہے ان کو قانون کی گرفت میں لاکر سخت ترین سزائیں دی جائیں۔ یہ بات جماعت اسلامی سندھ کی مجلس شوریٰ میںمنظورہونے والی ایک قرارداد میں کہی گئی جوکہ صوبائی امیرڈاکٹر معراج الہدیٰ کی زیرصدارت قباء آڈیٹوریم میںمنعقد ہوا۔دوروز سے جاری اجلاس میں سیاسی صورتحال،ماورائے عدالتی قتل،نادرا وکے الیکٹرک کے مظالم سمیت دیگرعوامی مسائل پرمتعددقراردادیں منظور کی گئیںجماعت اسلامی سندھ کی شوریٰ مطالبہ کرتی ہے کہ بلدیاتی اداروں کو بااختیار بنایاجائے ،سندھ میں صاف پانی کا مسئلہ حل کیا جائے، سندھ کے آبادگاروں کو فصلوں کے مناسب ریٹ دیئے جائیں۔ علاوہ ازیں جماعت اسلامی سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا کہ کرپشن اور کرپٹ قیادت نے ملک کی بنیادوں کو کھوکھلا کردیا ہے، عدلیہ کی جانب سے کرپٹ لوگوں کا احتساب شروع کرنے کا عمل خوش آئند ہ ہے تاہم یہ احتساب ایک فرد یا پارٹی تک محدود کرنے کی بجائے تمام کرپٹ لوگوں کو احتساب کے دائرے میں لاکر لوٹی ہوئی قومی دولت کو واپس لایا جائے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی آئندہ انتخابات میں کراچی سمیت پورے صوبے میں بھرپور حصہ لے گی۔ ذمہ داران منتخب حلقوں میں پولنگ کی سطح پر تنظیم سازی کے کام کو متحرک کریں۔انہوں نے ذمہ داران پر زور دیا کہ جماعت اسلامی کی دعوت اور تنظیم کو عام ومضبوط اور اس سارے عمل کو نیچے کی سطح تک مستحکم کریں۔ یوتھ ملک وتحریک کا قیمتی سرمایہ ہے ان کو متحرک کرکے آگے لانا ہوگا۔قبل ازیں مرحومین کی مغفرت اور بیمار احباب کی جلد ومکمل صحتیابی کی دعا کی گئی۔