شیخوپورہ: گیس فلنگ فیکٹری میں آتشزدگی‘6 افراد زخمی‘3 ٹینکر تباہ
شیخوپورہ (آن لائن) شیخوپورہ میں گیس پلانٹ میں ری فلنگ کے دوران باوزر دھماکے سے پھٹ گیا، دھماکے اور آگ لگنے سے فائر فائٹر سمیت 6 افراد زخمی ہوگئے۔ آتشزدگی سے 3 ٹینکر، 2 ٹرک اور 2 گاڑیاں جل گئیں۔ آگ نے اطراف کی 2 فیکٹریوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا، شیخوپورہ میں لاہور روڈ پرگیس پلانٹ میں خوفناک آتشزدگی نے دہشت پھیلا دی۔ تفصیلات کے مطابق گیس فیکٹری میں ایل پی جی ٹینکرز میں ری فلنگ جاری تھی کہ اسی دوران باورز دھماکے سے پھٹ گیا جس سے نکلنے والے شعلوں نے دیکھتے ہی دیکھتے ہرچیز کو جلا دیا اور اطراف کی 2 فیکٹریوں کو بھی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ اتنی شدید تھی کہ فائر بریگیڈ کی چار گاڑیوں کو طلب لیا گیا۔ وقفے وقفے سے پلانٹ سے دھماکوں کی آوازیں آتی رہیں۔ آگ بجھانے کے دوران فائر فائٹر سمیت متعدد افراد زخمی ہوئے جنہیں ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کیا گیا۔آتشزدگی کے باعث قریبی عمارت بھی تباہ ہوگئی‘ فائر بریگیڈ نے اطراف کی دو فیکٹری میں لگی آگ پر قابو پالیا۔ آگ لگنے سے کروڑوں کا سامان جل کر راکھ ہوگیا۔