نواز شریف‘ مریم نواز اور کیپٹن صفدر کیخلاف نیب ریفرنسز کی سماعت کل ہو گی
اسلام آباد (نامہ نگار) اسلام آباد کی احتساب عدالت میں نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے خلاف نیب کی جانب سے دائر ایون فیلڈ پراپرٹیز کیس کی سماعت کل (6فروری)کو ہوگی۔احتساب عدالت نمبر1کے جج محمد بشیر مقدمے کی سماعت کریں گے۔ سماعت میں ایون فیلڈ پراپرٹیز کیس میں دائر نیب کے ضمنی ریفرنس کے گواہان کا بیان ویڈیو لنک کے ذریعے ریکارڈ کیا جائے گا، گواہان راجا اختر،رابرٹ ریڈلے برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشن میں بیٹھ کر بیان ریکارڈ کرائیں گے۔گزشتہ سماعت پر عدالت نے ضمنی ریفرنس میں غیر ملکی گواہوں کا بیان ویڈیو لنک کے ذریعے قلمبند کرنے سے متعلق نیب کی درخواست منظور کرلی تھی۔عدالتی حکم میں کہا گیا ہے کہ گواہان راجا اختر،رابرٹ ریڈلے برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشن میں بیٹھ کر بیان ریکارڈ کرائیں گے۔ نواز شریف کے وکیل نے غیر ملکی گواہوں کا بیان ویڈیو لنک کے ذریعے قلمبند کرنے کی مخالفت کی تھی جبکہ نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر عباسی کا کہنا تھا کہ گواہ اپنا بیان ریکارڈ کرانے اور شواہد پیش کرنے کیلئے تیار ہیں، گواہ سکیورٹی خدشات کی بنا پر پاکستان نہیں آنا چاہتے، قانونی طور پر بھی گواہوں کا بیان قلمبند کرانے کیلئے پاکستان آنا ضروری نہیں۔واضح رہے کہ نیب لاہور کو راجا اختر نامی گواہ نے خط لکھا تھا جس میں بتایا گیا تھا کہ میرے ساتھ ریڈلے نامی برطانوی باشندہ شریف خاندان کے خلاف گواہی دینا چاہتا ہے۔ ریڈلے کے پاس شریف خاندان کے خلاف خاصا مواد ہے۔ سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر گواہ ریڈلے اور میں پاکستان آکر بیان نہیں دیں گے۔ ویڈیو لنک کے ذریعے ہمارے بیانات ریکارڈ کرنے کے انتظامات کیے جائیں۔ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے گزنیب کے ضمنی ریفرنس کے خلاف درخواست مسترد کردی تھی۔