احکامات الہیٰ و فرامینِ نبویؐ کے مطابق زندگی گزارنے سے ہم کامیاب ہو سکتے ہیں
راولپنڈی(نیوز ڈیسک)عیدگاہ شریف کے سجادہ نشین و عالمِ اسلام کے ممتاز مذہبی و روحانی پیشواپیر محمد نقیب الرحمن نے کہا ہے کہ ہمارے آقا و مولا حضور نبی کریم ﷺکا ارشاد ِپاک ہے کہ دنیا آخرت کی کھیتی ہے۔ اس دنیا سے آخرت کی جانب کامیاب لوٹنے کے لیے ہمیں احکامات الہیٰ و فرامینِ نبوی ﷺ کے تحت اپنی زندگیاں بسر کرنا چاہئیں۔آج معاشرے میں پھیلی نفسا نفسی، ظلم و نا انصافی، دہشتگردی، حق تلفی، اقربا پروری، کرپشن، جھوٹ، بددیانتی، ناجائز منافع خوری، ملاوٹ، ذخیرہ اندوزی، رشوت خوری غرض کہ تمام رذائلِ اخلاق میں مبتلا ہونے کے با وجود اگر ہم اللہ تعالیٰ کے عذاب سے بچے ہوئے ہیں تو اس کی واحد وجہ حضور نبی کریم ﷺ کا ہمارے درمیان شانوں سے رونق افروز ہونا ہے جس کی جانب ربِ رحمن قرآنِ کریم میں یوں ارشاد فرما رہا ہے کہ اے میرے پیارے حبیب ﷺ مجھ اللہ کی یہ شان نہیں ہے کہ میرا عذاب لوگوں کو آن گھیرے اس حالت میں کہ آپ ﷺ ان کے درمیان رونق افروز ہوں۔ ہم مکمل طور پر دنیوی زندگی میں مشغول ہو کر موت اور فکرِ آخرت کو بھلا بیٹھے ہیں اور یہ بھول گئے ہیں کہ ایک دن ہمیں ربِ کریم کے حضور پیش ہو کر اپنے تمام اعمال کا حساب دینا ہو گا اور اگر ہم دین اور دنیا میںسر خرو ہونا چاہتے ہیںتو اس کا واحد ذریعہ اور راستہ اتباعِ رسولِ مقبول ﷺ ہے۔ حضور نبی کریم ﷺ نے صحابہ کرام رضوان اللہ تعالیٰ علیہم اجمعٰین کو تعلیم ارشاد فرمائی کہ تم میں سب سے زیادہ دانا وہ ہے جو موت کو یاد کرتے ہوئے اپنی اخروی زندگی کی تیاری کرتا ہو۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے عیدگاہ شریف میں منعقدہ ہفتہ وار درس حدیث ِپاک کی محفل سے خطاب کے دوران کیا۔محفل سے خواجہ وجاہت جمیل، بریگیڈیئر(ر) محمد شبیر اور راجہ منظور حُسین نے بھی خطاب کیا جب کہ دربارِ رسالتمآب ﷺ میں نعت پاک کا نذرانہ حافظ محمد عامراور محمدطاہر نے پیش کیا۔محفل کے اختتام پر پیر محمد نقیب الرحمن نے وطن عزیزکی سلامتی، خوشحالی، ترقی، افواجِ پاکستان کی سر بلندی اور اتحاد بین المسلمین کے لئے خصوصی دعا کی۔