رویوں میں شائستگی لاکر شہریوں کے ساتھ خوش اسلوبی سے پیش آنا چاہئے
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد ڈاکٹر سلطان اعظم تیموری نے کہا ہے کہ وفاقی پولیس کے مختلف ڈویژنوں کے ہیڈ کانسٹیبل سے انسپکٹر لیول تک کے افسران کو خود آگاہی اور اپنے رویوں میں تبدیلی کے متعلق کورس کرادیا گیا ہے جس میں روزن کے ماہر ٹرینرز علی سلمان ،میرب لودھی اور دیگر نے شرکاء کو اہم امور سے آگاہ کیا اختتامی تقریب مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی جس میںایس ایس پی ہیڈکوارٹرز حسن علی ،ایم ڈی روزن بابر بشیر کے علاوہ کورس میں حصہ لینے والے افسران نے شرکت کی آئی جی اسلام آباد نے ٹرینرز اور شرکاء کورس میں اسناد تقسیم کیں ۔اس موقع پر انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں بہت خوشی محسوس کر رہا ہوں کہ آپ سب نے کورس مکمل کر لیا ، اس کورس کا بنیادی مقصد آپ سب کو ٹرینرز بنانا تھا تاکہ مستقبل میں آپ سب اپنے دیگر پولیس افسران و جوانوں کو ٹریننگ دیں ۔آئی جی نے کہا کہ میں اسلام آباد پولیس کو ہر لیول پر مثالی دیکھنا چاہتا ہوں ۔وفاقی دارالحکومت کی پولیس ہونے کے ناطے ہمیں اپنے رویوں میں بھی شائستگی لانی ہوگی اور شہریوں کے ساتھ خوش اسلوبی سے پیش آنا چاہئے اورانشاء اللہ ان ٹریننگز کے انعقاد سے ہم اس لیول پر پہنچیں گے،انہوں نے تمام ٹرینرز کو دلچسپی کے ساتھ لیکچرز دینے پر خراج تحسین پیش کیا اور ان کا شکریہ ادا کیا،آئی جی نے مزید کہا کہ پولیس لائن میں سکول آف انوسٹی گیشن،سکول آف اینٹی رائٹ اور سکول آف انفارمیشن ٹیکنالوجی بنا دئیے گئے ہیں جن میں ٹریننگز سیشنز کا آغاز کردیاگیا ہے ،یہ تمام سپیشلائزڈ یونٹ ہوں گے جہاں پورا سال ٹریننگ کورسز ہوتے رہیں گے،ڈاکٹر تیموری نے کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ پروفیسر احسن اقبال کے وژن کے مطابق ہم پولیس کلچر میں مثبت تبدیلی لائیں گے اورنہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا کے لئے ایک مثالی پولیس درجہ حاصل کریں گے