سوات کے سیاحتی علاقے کالام میں سنو جیپ ریلی اختتام پذیر ہوگئی
سوات (نامہ نگار)سوات کے سیاحتی علاقے کالام میں سنو جیپ ریلی اختتام پذیر ہوگئی، مقابلے میں شریک نوائے وقت میڈیا گروپ کے سیدعمران حیدر نے کیٹیگری سی میں 1950 ماڈل کی پرانی گاڑی پر دوسری پوزیشن حاصل کرکے نقد 15000 ہزار روپے کے علاوہ ٹرافی جیت لی ، کیٹیگری اے میں سوات کے جیپ ڈرائیوروں نے میلہ لوٹ لیا، پاک آرمی سول انتظامیہ اور اسلام آباد جیپ کلب کے تعائون سے سوات کے برف پوش وادی کالام میں گزشتہ روز ایک سنو جیپ ریلی کا اہتمام کیا گیا جس میں ملک بھر سے 42 ماہر جیپ ڈارئیوروں نے مقابلے میں حصہ لیا ، مقابلے میں خواتین ڈرائیوروں نے بھی اپنی مہارت کے جوہر دکھائے مقابلے میں اسلام آباد جیپ کلب، پشاور جیپ کلب ،چترال جیپ کلب کالام جیپ کلب اور سوات جیپ کلب کے ماہر ڈرائیور شامل تھے ، مقابلے کاآغاز کالام سے 4کلومیٹر دور بہان کے مقام سے کیا گیا جس کااختتامی پوائنٹ شاہی گرائونڈ کالام تھا۔جیپ ریلی کے ان مقابلوں میں سوات کے ڈرائیوروں ملک امیر سید نے کیٹیگری اے ، کریم ، جاویداور عبدالصادق کیٹیگری بی میں کامیابی حاصل کی جبکہ سی کیٹیگری میں مینگورہ اور چترال کلب کے ڈرائیورکو فاتح قراردیا گیا ۔