5فروری کو قوم کشمیر سے اپنی لازوال وابستگی کا اظہار کریگی
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) سپریم شیعہ علماء بورڈ کے سرپرست اعلیٰ وتحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے سربراہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ پیغام پاکستان فتوے میں کالعدم جماعتوں کو شامل کرکے عوام کو دھوکہ اور ممنوعہ دہشت گردجماعتوں کو تحفظ فراہم کیا گیا ہے ، جب تک کالعدم دہشت گرد جماعتوں کے حوالے سے دوہری پالیسی جاری رہے گی سوات جیسے سانحات رونما ہوتے رہیں گے ، سوات میں 11سپوتوں کی شہادت نے پوری قوم کو سوگوار کردیا، دہشت گردی پاکستان کو دباؤ میں رکھنے اور سی پیک کو ناکام بنانے کا امریکی وبھارتی حربہ ہے دہشت گردی کے سانحات کا مقصدکشمیر و فلسطین کے سلگتے مسائل سے توجہ ہٹانا ہے ، استعماری قوتیں جان لیں دنیا کی کوئی طاقت حسینی ؑعزم سے سرشار کشمیرو فلسطین کی آزادی کی تحریکوں کو نہیں دبا سکتی ،پوری قو م 5فروری کو یوم یکجہتی کشمیر منا کرتحریک آزادی کشمیر سے اپنی لازوال وابستگی کا اظہار کرے گی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹی این ایف جے یوم یکجہتی کشمیر کمیٹی کے عہدیداران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف اسلام 14سو سال قبل قرآن و سنت کی صورت واضح اور دوٹوک بیانیہ دے چکا ہے، پیغام پاکستان کے ناشران بتائیں کہ کیاپاکستان میں صرف 1829علماء ہیں ؟کالعدم جماعتوں ،بیرونی ڈالر وںسے پاک سرزمین کو چھلنی کروانے والوں اور دہشت گرد جماعتوں کے سرپرستوں کو محترم کیوں بنایا گیا؟حکومت تحقیقات کروائے ۔انہوں نے کہا کہ برہان وانی کی شہادت کے بعد کشمیر کی جدوجہد آزادی کو نئی زندگی ملی ہے جبکہ بھارت کی سات لاکھ جارح افواج تحریک حریت کے شعلوں کو بجھانے میں ناکام ہو چکی ہیں ۔آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ تمام قوتیں ذہن نشین رکھیں مسئلہ کشمیر کی موجود گی میں جنوبی ایشیا میں امن کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔