بھارت نہتے مظلوم کشمیری مسلمانوں پر ظلم و ستم بند کرے‘ فرید عباسی
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) مرکزی انجمن تاجران رینج روڈ راولپنڈی کینٹ کے سینئر نائب صدر فرید عباسی‘ مسلم لیگ (ن) اے جے کے راولپنڈی کے صدر جاوید بٹ مسلم لیگ ن یو سی 37 کے رہنما گلا ب زرخان و دیگر نے 5فروری یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے اسلام آباد میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔ کسی کو بھی اس پر ہاتھ ڈالنے کی اجازت نہیں دینگے۔ بھارت اٹوٹ انگ کی رٹ بند کرے۔کشمیری پاکستان کے دفاع کی جنگ بھرپور طریقے سے لڑ رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشتگردی بند کی جائے۔ کشمیر میں بھارتی فوج کے ظلم و بربریت کا سلسلہ بند ہونا چاہئے اور عالمی اداروں کو چاہئے کہ کھلی آنکھوں اور کھلے دل سے مظلوم کشمیری عوام کو ان کا حق خودارادیت دلا کر اپنا کردار ادا کریں۔ گلاب زر خان‘ فرید عباسی‘ جاوید بٹ و دیگر نے مزید کہا کہ بھارت ہوش کے ناخن لے اور کشمیریوں پر ظل و ستم بند کرے۔