الطاف حسین کی طرح ذہنی مریض نواز شریف کی لائیو کوریج بین کی جائے، خرم نواز
اسلام آباد(خصوصی نمائندہ)پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ نواز شریف نے سپریم کورٹ کے خلاف الیکشن لڑنے کا اعلان کر کے سیاسی بداخلاقی اور بد تہذیبی کی انتہا کر دی، الطاف حسین کی طرح ذہنی مریض نواز شریف کی لائیو کوریج بین کی جائے، پیمرا سانحہ ماڈل ٹائون کے قاتل،جھوٹ بولنے پر نااہل ہونے والے نواز شریف کی بدتمیزیوں کا نوٹس کیوں نہیں لے رہا؟ نااہل شخص بطور منی ٹریل قطری خط قبول نہ کیے جانے پر سپریم کورٹ کے معزز ججز کیخلاف ہرزہ سرائی میںمصروف ہے اور وفاقی وزراء کو عدلیہ کیخلاف بدتمیزیوں پر اکسارہا ہے ،لندن میں کاروبار کرنے والا نااہل خاندان سیاست بھی لندن جا کر کرے ،پاکستان کے عوام اپنے آئینی اداروں کے خلاف ان کی جوکر بازی کسی طور قبول نہیں کریں گے ۔وہ گزشتہ روز مرکزی سیکرٹریٹ میں عوامی تحریک کے تنظیمی اجلاس سے خطاب کررہے تھے، خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ وزیراعظم اور وفاقی کابینہ سپریم کورٹ کے خلاف ہرزہ سرائی پر خاموش رہ کر شریک جرم ہورہے ہیں، وزیراعظم نواز شریف کی ججز کے بارے بدتمیزیوں پر چپ کیوں ہیں؟ بطور وزیراعظم آئینی اداروں کے وقار کا تحفظ کیا ان کی ذمہ داری نہیں ہے؟انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی طرف سے جلسوں میں سپریم کورٹ کے خلاف جارحانہ اور گستاخانہ لب و لہجہ کی سب سے بڑی وجہ احتساب عدالت میں کرپشن کیسز میں ملنے والی یقینی سزائوں کو انتقامی ایجنڈے سے جوڑنا ہے کیونکہ نواز شریف جانتے ہیں اربوں، کھربوں کے غیر قانونی اثاثوں کے حوالے سے ان کے پاس قطری خط کی رنگ بازی کے سوا اور کوئی ثبوت نہیں ہے۔