ایچ ای سی، پی ایچ ڈی تعلیم کے لئے دو ہزار پاکستانی طلبا ء کو بھجوائے گا
اسلام آباد (چوہدری شاہد اجمل) ہایئر ایجوکیشن کمیشن(ایچ ای سی) آئندہ پانچ برسوں کے دوران بیرون ملک پی ایچ ڈی کی تعلیم کے لئے دو ہزار سے زائد پاکستانی طلبا ء کو بھجوائے گا۔ اس مقصد کے لئے سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی نے اوورسیز سکالرشپس پروگرام کے تیسرے مرحلے کے لئے 20.904 ارب روپے کی منظوری دیدی ہے۔ ایچ ای سی کے ذرائع کے مطابق تیسرے مرحلے کے سکالرشپ پروگرام میں پی ایچ ڈی سطح کی تربیت کیلئے دو ہزار قابلیت کے حامل امیدواروں کا منتخب شعبوں میں ملک بھر سے اوپن میرٹ کے ذریعے انتخاب کیا جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم ایس، ایم فل، انجینئرنگ ٹیکنالوجی کے طلباء کو 200 تعلیمی وظائف جاری کئے جائیں گے جبکہ سول انجینئرنگ ٹیکنالوجی، الیکٹریکل انجینئرنگ ٹیکنالوجی، مکینیکل انجینئرنگ ٹیکنالوجی، الیکٹرونکس، کیمیکلز، ٹیکسٹائل اور فیکلٹی کی ضروریات کے مطابق شعبوں کے تعلیمی وظائف بھی اس میں شامل ہوں گے۔ذرائع کے مطابق پروگرام کے تحت ہر سال چار سو سکالرشپس آئندہ پانچ سال کے دوران پی ایچ ڈی پروگرام کے طلباء کے لئے جاری کئے جائیں گے۔ ان سکالرز کو ٹیکنالوجی کے اعتبار سے بہترین یونیورسٹیوں میں بھجوایا جائے گا جن میں ایڈوانس ٹیکنالوجی سمیت کم ٹیوشن فیس والی وہ یونیورسٹیاں جنہوں نے پہلے سے ایچ ای سی کے ساتھ ایم او یو/ڈی او یو پر دستخط کر رکھے ہیں۔