چین کے زیادہ تر شہر فضائی آلودگی کے ٹیسٹ میں ناکام
بیجنگ (بی بی سی) چین میں ماحولیات کے وزارت کے ایک سروے کے مطابق ملک کے 74 بڑے شہروں میں سے صرف آٹھ کی فضا مقرر کردہ معیار پر پورا اترتی ہے۔سروے میں دارالحکومت بیجنگ سے متصل صوبہ ہیبئی کی فضا سب سے آلودہ تھی جبکہ بیجنگ اور شنگھائی میں بھی فضائی آلودگی مقررہ کردہ معیار سے زیادہ ہے۔چین فضائی آلودگی کے سنگین ہوتے مسئلے سے نمٹنے کی کوشش کر رہا ہے لیکن اس میں کوئلے پر انحصار کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے۔حکومت نے گذشتہ سال صوبہ ہیبئی میں کوئلے سے چلنے والی آٹھ ہزار فیکٹریوں کو بند کر دیا تھا لیکن ملک کی معیشت کی شرح نمو میں کمی کی وجہ سے حکام فیکٹریوں کی بندش میں بھی احتیاط سے کام لے رہے ہیں۔وزارتِ ماحولیات کے بیان میں کہا گیا ہے کہ سال 2014 کے نتائج میں گذشتہ برسوں کے مقابلے میں بہتری آئی ہے ۔