سربراہ کے استعفے کے باوجود غزہ پر بمباری کی تحقیقاتی رپورٹ شائع کرنیکا فیصلہ
غزہ (بی بی سی) اقوامِ متحدہ کے حکام کا کہنا ہے کہ 2014ءمیں غزہ میں فلسطین اور اسرائیل کے تنازعے میں مبینہ جنگی جرائم کے ارتکاب کی تحقیقاتی کمیٹی کے سربراہ کے مستعفی ہونے کے باوجود اس کمیٹی کی رپورٹ مقررہ وقت پر ہی شائع ہو گی۔اقوامِ متحدہ کے ادارہ برائے پناہ گزین کی جانب سے کروائی جانے والی تحقیقات کی حتمی رپورٹ مارچ میں شائع ہونا ہے۔اس تحقیقاتی کمیٹی کے سربراہ ولیم شاباس نے منگل کو اسرائیل کے بارے میں تعصب برتنے کے الزامات پر استعفیٰ دے دیا تھا۔ انہوں نے تسلیم کیا تھا کہ وہ ماضی میں پی ایل او کے لئے کام کر چکے ہیں اور ان تحقیقات کو متنازع نہیں بنانا چاہتے۔خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ان کے استعفے کے بعد اسرائیلی وزیرِاعظم نے تحقیقات ختم کرنے کا مطالبہ کیا تھا جسے اب اقوامِ متحدہ نے مسترد کر دیا ہے۔
بنیامین نیتن یاہو نے کہا تھا کہ ’ولیم شاباس کے استعفے کے بعد وقت آگیا ہے کہ ان کی اسرائیل مخالف رپورٹ کو سرد خانے کی نذر کر دیا جائے۔‘اقوامِ متحدہ کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق ولیم شاباس کی جگہ اس تحقیقاتی کمیشن کی سربراہی کمیشن ہی کی ایک اور رکن میری میکگوون ڈیوس کو سونپ دی گئی ہے۔