بھٹہ مالک کی قید سے 52افراد رہا، آئین میں جبری مشقت کی گنجائش نہیں: ہائیکورٹ
لاہور (وقائع نگار خصوصی) ہائیکورٹ نے قرار دیا کہ آئین و قانون میں شہریوں سے جبری مشقت کی کوئی گنجائش نہیں۔ فاضل عدالت نے ان ریمارکس کے ساتھ بھٹہ مالک کی قید سے بازیاب ہونے والے52 افراد اور خواتین کو رہا کر دیا۔ لاہور ہائیکورٹ میں گزشتہ روز کیس کی سماعت شروع ہوئی تو عدالت کے روبرو درخواست گزار دین محمد کے وکیل نے بتایاکہ قصور کے بھٹہ مالک اشرف بھٹی نے ان کے خاندان کی خواتین اور بچوں سمیت 52 افراد کوغیرقانونی حراست میں رکھا ہوا ہے جو غیرقانونی اور بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ بھٹہ مالک قید میں رکھے گئے افراد کو تشدد کا نشانہ بناتا ہے۔ عدالتی حکم پر بیلف نے چھاپہ مار کر زنجیروں میں بندھے مرد اور خواتین کو بازیاب کروا لیا جس کے بعد انہیں عدالت میں پیش کیا گیا جہاں عدالت نے بیلف کی رپورٹ کے بعد رہا کردیا۔