اکانومی ٹکٹ پر کلب کلاس میں سفر، عثمان پیرزادہ کی صاحبزادی ایمل کو جرمانہ، گرفتاری
لاہور (خصوصی رپورٹر) اداکار، ہدایتکار، پروڈیوسر عثمان پیرزادہ کی صاحبزادی ایمل پیرزادہ کو اکانومی کلاس کی ٹکٹ لے کر کلب کلاس میں سفرکرنے پر جرمانہ کردیا گیا اور جرمانے کی رقم ادا نہ کئے جانے کے باعث حراست میں لے لیا گیا تاہم عثمان پیرزادہ کی ائر پورٹ پر آمد اور رقم کی ادائیگی کیلئے آمادگی کے بعد ایمل پیرزادہ کا پاسپورٹ سول ایوی ایشن کے عملے نے اپنے پاس رکھ لیا اور ایمل کو اپنے والد کے ساتھ جانے کی اجازت دے دی۔ تفصیلات کے مطابق ایمل پیرزادہ پی آئی اے کی فلائٹ پی کے 790 پر اکانومی کلاس کی ٹکٹ پر ٹورنٹو سے لاہور سفر کر رہی تھیں دوران سفر ایمل اپنی سہیلی کے پاس کلب کلاس میں جا بیٹھی، عملہ نے انہیں اپنی نشت پر جانے کیلئے کہا تو انہوں نے وہاں سے اٹھنے سے انکار کر دیا۔ کپتان نے ایمل سمیت کلب کلاس کے مسافروں میں سروس دلوا دی تاہم لاہور ائر پورٹ پہنچنے پر عملے نے کلب کلاس اور اکانومی کلاس کے کرائے کا فرق طلب کیا تو تنازع پیدا ہوا۔