عمران خان اپنے طالبان بھائیوں کی طرح قانون کے فیصلے نہیں مانتے: پرویزرشید
اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ خان صاحب اپنے طالبان بھائیوں کی طرح قانون کے فیصلے نہیں مانتے اپنی عدالت لگا کر بیٹھ جاتے ہیں، جو بھی حلقہ کھلا وہاں تحریک انصاف کا پول کھل گیا اور انہیں سخت سبکی ہوئی، جہاں بھی عمران خان کو ہار نظر آتی ہے وہاں دھاندلی کا راگ الاپنا شروع کر دیتے ہیں، خان صاحب ہمارا مشورہ تسلیم کرتے ہوئے مان جائیں کہ عوام نے انہیں منتخب نہیں کیا، پی ٹی آئی چیئرمین کی ذہنی حالت دیکھ کر ترس آتا ہے، خان صاحب کی عقل پر حیرانگی ہے کہ کیا آصف زرداری نے مسلم لیگ (ن) کے حق میں دھاندلی کروائی؟ عمران خان کی پریس کانفرنس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ خان صاحب جتنی تاویلیں دیں سچ یہ ہے کہ جو حلقہ بھی کھلا آپ کے پول کھل گئے۔ پرویز رشید نے کہا کہ خوشی ہے کہ خان صاحب کے دھاندلی کے دعوﺅں کی کلی کھل گئی۔ انہوں نے کہا کہ خان صاحب کو جہاں اپنی ہار نظر آتی ہے وہاں دھاندلی کا راگ الاپنا شروع کر دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خان صاحب اب رونا بند کریں اور دہشت گردی کے خلاف کے پی کے میں اپنا کردار ادا کریں۔ پرویز رشید نے کہا کہ عمران خان جب وزیر اعظم نہ بننے کے سوگ سے باہر آئیں گے تو پتہ چلے گا کہ مہنگائی بڑھی نہیں بلکہ کمی ہوئی ہے۔
پرویز رشید