ویزا ختم ہونیوالے غیرملکی طلبہ واپس چلے جائیں ورنہ ملک بدر کر دیا جائیگا: شجاع خانزادہ
لاہور (خصوصی رپورٹر) صوبائی وزیر داخلہ پنجاب کرنل (ر) شجاع خانزادہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں مقیم وہ طلباء جن کا ویزہ ختم ہو چکا ہے فوری طور پر ملک چھوڑ دیں وگرنہ ان کو ملک بدر کر دیا جائے گا۔ گزشتہ روز ’’نوائے وقت‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ پنجاب نے کہا کہ پاکستان نے تعلیم کیلئے غیرملکی طلباء کیلئے اپنے دروازے ہمیشہ کھلے رکھے ہیں تاہم ان طلباء سے ہم امید رکھتے ہیں کہ وہ پاکستان کے قوانین کی پابندی کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف بہت بڑی جنگ لڑ رہا ہے، اس جنگ میں غیرملکیوں کے ملوث ہونے کے شواہد ملے ہیں، سو ان تمام غیرملکی طلباء سے ان کے بہترین مفاد میں توقع کی جا رہی ہے کہ ویزہ ختم ہونے کی صورت میں اپنے اپنے ملک لوٹ جائیں بصورت دیگر ان کو ملک بدر کرنا پاکستان کا حق ہے۔ انہوں نے بتایا اس سلسلے میں اپنی وزارت کو ویزہ ختم ہونے کے باوجود قیام پذیر طلباء کی فہرستیں بنانے کی ہدایت کر دی ہے۔