دہشت گردی کا خاتمہ، پاکستان کو اپنے وعدے پورے کرنا ہونگے: بھارتی وزیر خارجہ
نئی دہلی (آن لائن) بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان کے ساتھ بہتر رشتوں کا خواہاں ہے تاہم دہشتگردی برداشت سے باہر ہے، چین سے دوستی تاریخ کے اہم دور میں داخل ہو گئی۔ چینی میڈیا کے ایک گروپ سے بات چیت کرتے ہوئے بھارتی وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت اپنے تمام پڑوسی ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات کا حامی ہے۔ سرحدی تنازعات کے باوجود چین کے ساتھ رشتے مضبوط ہوتے جا رہے ہیں۔ اپنے حالیہ دورے کے دوران انہوں نے بیجنگ میں چینی صدر اور وزیراعظم کے علاوہ کئی اہم ترین رہنمائوں سے بات چیت کے دوران سرحدی تنازعات کا پائیدار حل تلاش کرنے کیلئے کوششوں کو بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ دہشتگردی کے خاتمے کے حوالے سے پاکستان کو اپنے وعدے پورے کرنا ہونگے۔