پاکستان‘ افغانستان فٹ بال میچ کل ہو گا‘ دونوں ٹیموں کی طرف سے کامیابی کے دعوے
لاہور(سپورٹس رپورٹر/ نمائندہ سپورٹس) پاکستان اور افغانستان ٹیموں کے درمیان واحد دوستانہ میچ کل بروز جمعہ کو پنجاب فٹبال سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائیگا۔ دنوں ٹیموں کے کپتانوں نے گذشتہ روز پریکٹس سیشن سے پہلے پریس کانفرنس کرتے ہوئے اپنی ٹیموں کی تیاری اور کامیابی کے حوالے سے دعوئے کئے۔ پاکستان ٹیم کے کپتان حسن بشیر نے کہا کہ تیاری مکمل ہے ۔ اچھی کارکردگی دکھانے کے لیے پر عزم ہیں۔ پاکستان ٹیم کے کوچ شملان مبارک نے کہا کہ پاکستان ٹیم کو ہوم گراونڈ کا ایڈوانٹیج ہوگا جس کا کھلاڑیوں کو فائدہ اٹھانا چاہئے۔ افغان ٹیم کے کوچ حسن صالح نے کہا کہ ایک لمبے عرصہ کے بعد پاکستان آنا ہوا ہے۔ پاکستان کے ساتھ میری پرانی یادیں وابستہ ہیں۔ لاہور میں کھیلے جانے والے میچ میں کوئی بھی ٹیم کامیابی حاصل کرئے ہم اس میچ سے دوستی اور امن کا پیغام دینا چاہتے ہیں۔ کپتان جلال الدین نے کہا کہ پاکستان ٹیم سخت حریف ثابت ہو سکتی ہے۔