پٹرولیم نرخوں میں کمی، عوام کو ریلیف دینے کیلئے تاجر متحرک ہوں: بلال یاسین
لاہور(نیوزرپورٹر)صوبائی وزیر خوراک و چیئر مین کابینہ پرائس کنٹرول کمیٹی بلال یاسین نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے تاجر برادری کو فعال کردار ادا کرنا ہو گا تاکہ اشیائے ضروریہ سستے داموں عوام کو دستیاب ہو سکے اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے عام آدمی استفادہ حاصل کر سکے۔ یہ بات انہوں نے کمشنر آفس میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی اجلاس میں صوبائی وزیر نے ایسوسی ایشنز کے عہدیداران سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی پر حکومتی اقدامات کو تقویت پہنچانے اور عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کے لئے انہیں بھی اپنا فعال کردار ادا کرنا چاہیے اور پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بھی کمی کی جائے تاکہ اس کمی سے عام آدمی استفادہ حاصل کرسکے۔ تاجر برادری کے تعاون سے حکومت عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دے سکتی ہے۔