وفاق اور صوبوں سے مل کر ایکشن پلان پر سختی سے عملدرآمد ہو گا۔ دہشت گردی، انتہا پسندی اور فرقہ واریت کا خاتمہ کیا جائے گا۔ کور کمانڈرز کانفرنس میں آرمی چیف نے شرکا کو اپنے دورہ چین اور برطانیہ پر اعتماد میں لیا۔ امریکی صدر کے دورہ بھارت اور افغانستان سے انٹیلی جنس شیئرنگ پر گفتگو۔ کرم ایجنسی میں بارودی سرنگ پھٹنے سے 4 سکیورٹی اہلکار شہید۔ کوہاٹ میں فائرنگ، کسٹمز انسپکٹر سمیت 4 ملازم جاں بحق۔اسلام آباد میں کور کمانڈروں کی کانفرنس میں شرکاء نے وفاق اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ قومی ایکشن پلان پر سختی سے عملدرآمد کرنے اور ملک میں جاری دہشت گردی، انتہا پسندی اور فرقہ واریت کو ختم کرنے کا عزم کیا ہے۔ اجلاس میں فوجی عدالتوں کے کام شروع کرنے کے میکنزم کی بھی منظوری دی گئی جس کے بعد اب یہ عدالتیں جلد کام شروع کر دیں گی۔ کور کمانڈروں کو آرمی چیف نے دورہ برطانیہ اور چین کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا اور امریکی صدر کے دورہ بھارت سے خطہ میں پڑنے والے اثرات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ کور کمانڈرز میٹنگ اس وقت انعقاد پذیر ہوئی جب حقیقی معنوں میں ملک میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ سرحدوں پر بھی کڑی نظر رکھنے کی اشد ضرورت ہے اور ہماری مسلح افواج سول حکومت اور قوم کی معاونت سے جس جانفشانی سے ملکی دفاع اور دہشت گردی کیخلاف جنگ میں مصروف عمل سے اس کا ثبوت ضرب عضب کی کامیابی کی صورت میں مل رہا ہے۔ جس کے بعد دہشت گرد اب پسماندہ علاقوں اور چھوٹے شہروں میں کارروائیاں کر رہے ہیں۔ گزشتہ روز خیبر پی کے میں کرم ایجنسی اور کوہاٹ کے علاوہ بلوچستان میں آوران میں سکیورٹی فورسز کے قافلوں کو نشانہ بنایا گیا اور کوہاٹ میں سرکاری ملازمین پر حملہ ہوا۔ جس سے ایسے علاقوں میں دہشت گردوں اور ملک دشمن عناصر اور کو سہولتیں فراہم کرنے والوں کیخلاف کارروائی کی ضرورت زیادہ ہو گئی ہے۔
پنجاب حکومت نے پیر کو چھٹی کا اعلان کر دیا
Mar 28, 2024 | 17:38