ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری ہے, محکمہ موسمیات نے مزید بارش اور برفباری کی پیش گوئی کر دی
لاہور، اسلام آباد، ملتان اور مظفرآباد میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، پچھلے بارہ گھنٹے کے دوران سب سے زیادہ بارش مظفر آباد اور رسالپور میں 51 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ اسلام آباد میں 47، کاکول میں 43، گڑھی ڈوپٹہ میں 40 پارہ چنار اور بالاکوٹ میں 35 ملی میٹر بارش ہوئی۔ ملتان، اوکاڑہ، بہاولنگر، بہاولپور، ساہیوال، شورکوٹ، سرگودھا، منگلا ، سیدو شریف، خان پور، راولپنڈی، فیصل آباد، چترال، دیر، پٹن، بنوں، دروش، منڈی بہاؤالدین اور سیالکوٹ میں بھی بادل کھل کر برسے۔ دوسری طرف پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ چترال میں سات فٹ سے زائد برف پڑچکی ہے جبکہ مالم جبہ میں ساڑھے تین فٹ، کالام میں 3 فٹ، دیر میں ایک فٹ اور مری میں 8 انچ برف پڑی۔ سکردو میں برف باری کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے بالائی علاقوں کا زمینی راستہ منقطع ہے۔مظفر آباد، راولاکوٹ سے پنجاب کو جانیوالی اہم شاہراہیں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بند ہیں۔لاہور میں تیز بارش اور ژالہ باری کے بعد اب تیز ہوائیں چل رہی ہیں جس سے سردی کی شدت بڑھ گئی ہے۔۔ بلوچستان کی سرد ہواؤں کا اثر کراچی پہنچ گیا۔ خنکی بڑھ گئی شہر قائد میں تیز ہوا چل رہی ہے۔ سب سے کم درجہ حرارت پارہ چنار میں منفی گیارہ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ قلات میں منفی 6 ، مری اور گوپس میں منفی 4، مالم جبہ میں منفی تین ، خضدار اور پنجگور میں منفی ایک ڈگری رہا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ بارہ گھنٹے کے دوران اسلام آباد، لاہور، سمیت جنوبی پنجاب اور بالائی پنجاب جبکہ پشاور، کوہاٹ ، مالاکنڈ ڈویژن سمیت خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔