سبزہ زرار : قبضہ گروپ‘ بھتہ مافیا کا ایل ڈی اے کے پلاٹوں پر متعفن ویسٹیج کا کاروبار‘ بدبو سے مکینوں کا جینا محال
لاہور (خبر نگار) سلاٹر ہاﺅس کی شاہ پور کانجراں منتقلی کے بعد قبضہ گروپ اور بھتہ مافیا نے ایل ڈی اے کی رہائشی سکیم سبزہ زار ڈی بلاک کے خالی پلاٹوں میں غیر قانونی ورکشاپس اور جانوروں کی کھالوں‘ آنتوں اور دوسرے متعفن ویسٹج کا کاروبار شروع کرا دیا ہے جس سے علاقہ کے مکینوں کا جینا دوبھر ہو گیا۔ گزشتہ روز سبزہ زار ویلفیئر سوسائٹی (رجسٹرڈ) لاہور کے اجلاس میں جو میاں محمد ریاض کی اقامت گاہ پر ویلفیئر سوسائٹی کے صدر سعید آسی کی زیر صدارت منعقد ہوا‘ وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف اور ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے سے تقاضا کیا گیا کہ وہ سبزہ زار ڈی بلاک کے خالی پلاٹوں کو قبضہ مافیا سے واگزار کراکے یہاں شاپنگ مال تعمیر کرائیں تاکہ علاقے کے مکینوں کو جانوروں کی ویسٹج کے متعفن کاروبار سے نجات مل سکے اور اشیائے ضرورت کی خریداری کیلئے اچھی مارکیٹ کی سہولت حاصل ہو سکے۔ اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے سوسائٹی کے صدر اور دیگر عہدیداروں محمد افضل خان‘ چودھری منظور احمد‘ محمد ارشد ‘ چودھری رشید احمداور ارشد محمود بٹ نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ علاقے کے مسائل حل کرنے کیلئے ایم این اے میاں مرغوب احمد اور ایم پی اے مہراشیاق احمد انور نے ویلفیئر سوسائٹی کے سابقہ اجلاسوں میں جتنے بھی وعدے کئے‘ ان میں سے ایک وعدہ بھی پورا نہیں کیا گیا۔ اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ ڈی بلاک پارک کو خواتین کے پارک میں تبدیل کیا جائے‘ بسوں کے ناجائز اڈے ختم کئے جائیں۔ سبزہ زار کے سیوریج سسٹم کو ملحقہ آبادیوں سے ڈی لنک کیا جائے۔ ٹمبر مافیا سے نجات دلائی جائے‘ سٹریٹ لائٹس درست کی جائیں اور جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کیلئے یہاں متعلقہ پولیس کو مستعد کیا جائے۔ اجلاس میں پوری سبزہ زار سکیم کو ایک یونین کونسل میں شامل کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔