پنجاب میں کپاس کی پیداوار میں پچھلے سال کے مقابلے میں 49 فیصد ریکارڈ اضافہ

05 فروری 2012
کراچی (این این آئی) ملکی تاریخ میں پہلی بار پنجاب میںکپاس کی پیداوار میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 49 فیصد اضافہ ہوا ہے، جوکہ ایک ریکارڈ ہے۔ پاکستان کاٹن جنرز ایسوسی ایشن کی جانب سے 31جنوری2012ءتک جاری ہونے والے کپاس کی مجموعی ملکی پیدواری اعدادوشمار کے مطابق پنجاب کی جننگ فیکٹریوںمیںمجموعی طو ر پر 1کروڑ 10لاکھ 29 ہزار 414 بیلز کے برابر پھٹی پہنچی ہے جو پچھلے سال کے اسی عرصے کے مقابلے 36 لاکھ 38 ہزار 848 بیلز (49.24%) زائد ہیں۔ پی سی جی اے کے ایگز یکٹو ممبر احسان الحق نے بتایا کہ پنجاب میں روئی کی پیداوار میں غیر معمولی اضافے کی بڑی وجہ پنجاب کے بیشتر شہروں میں رواں سال فروری /مارچ کے دوران بی ٹی کاٹن کی غیر معمولی کاشت ہے جس کے باعث پنجاب میں کپاس کی پیداوار میں ملکی تاریخ میں پہلی بار اتنا زیادہ اضافہ سامنے آیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ 31 جنوری تک ضلع قصور میں کپاس کی پیداوار میں پچھلے سال کے مقابلے میں 477 فیصد، راجن پور میں 146 فیصد، مظفر گڑھ میں 125 فیصد، میانوالی میں 88 فیصد، لودھراںمیں 86 فیصد، بھکر میں 85 فیصد، لیہ میں 62 فیصد، جھنگ میں 53 فیصد، بہاولپور میں 40 فیصد جبکہ ضلع رحیم یارخان میں 37 فیصد اضافہ سامنے آیا ہے ۔