صدر نے قوم سے مزید 5 سال لینے کی بات بھولپن میں نہیں کہی: جسٹس (ر) طارق

05 فروری 2012
اسلام آباد (وقت نیوز) جسٹس (ر) طارق محمود نے کہا ہے کہ صدر آصف علی زرداری نے قوم سے پانچ سال مزید لینے کی بات بھولپن میں نہیں کی۔ صدر سینٹ الیکشن کے بعد خود کو اگلے 5 برس کے لئے ری الیکٹ کروا لیں گے۔ وقت نیوز کے پروگرام ”اِن سائٹ“ میں گفتگو کرتے ہوئے جسٹس (ر) طارق محمود نے کہا کہ صدر مستعفی ہوں گے تو فاروق نائیک قائم مقام صدر بن جائیں گے۔ سینٹ میں اکثریت کے بعد پیپلز پارٹی (ق) لیگ کے ساتھ مل کر صدر کو دوبارہ منتخب کرا لے گی۔ پیپلز پارٹی والے توہین عدالت کیس سیاسی سطح پر نہایت کامیابی سے لڑ رہے ہیں۔ عدالت میں اگر وزیراعظم کو سزا سنا دی جاتی ہے تو پیپلز پارٹی کو فرق نہیں پڑے گا۔ شطرنج کے کھیل میں بادشاہ کو بچانے کے لئے گھوڑے کو بعض اوقات قربان بھی کرنا پڑتا ہے اور پیپلز پارٹی کو سیاسی شہادت کا ایک نیا کارڈ مل جائے گا۔ جسٹس (ر) طارق محمود نے مزید کہا کہ سوئس عدالتوں کو حکومت جان بوجھ کر خط نہیں لکھ رہی اگر خط لکھ دیتی ہے تو یہ استثنیٰ وہ اپنے ہاتھوں سے ختم کروا لے گی۔ وزیراعظم کو میڈیا اور اپوزیشن زیرو بنانے پر تلا ہوا ہے، دیکھئے گا یہی زیرو چار دن بعد ہیرو بنے گا، سرائیکی صوبے کے وہ وزیر اعلیٰ بن جائیں گے۔