مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے جماعة الدعوة کی مظفر آباد میں بڑی ریلی

05 فروری 2012
لاہور (اپنے نمائندے سے) مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ملک کے مختلف شہروں میں کشمیر کانفرنسوں اور ریلیوں کا سلسلہ جاری رہا، مظفر آباد میں جماعة الدعوة کی بڑی کشمیر ریلی نکالی گئی جس میں شدید بارش کے باوجود سینکڑوں افراد نے شرکت کی اور کشمیریوں کے حق میں اور بھارت کے خلاف سخت نعرے بازی کی۔ مقررین نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی بند کرے اور 8لاکھ فوج باہر نکالے وگرنہ خطہ میں کسی صورت امن قائم نہیں ہو سکتا، کشمیریوں کی مدد و حمایت کیلئے پوری قوم مظلوم کشمیری مسلمانوں کی پشت پر کھڑی ہے، جماعة الدعوة آج 5فروری کو ناصر باغ سے اسمبلی ہال تک بڑا کشمیر کاررواں نکالے گی اور فیصل چوک میں جلسہ عام کا انعقاد کیا جائے گا، کشمیر کارواں اور جلسہ سے مختلف مذہبی و سیاسی قائدین خطاب کریں گے۔ مظفر آباد میں بھی ریلی جماعة الدعوة آزاد کشمیر کے امیر مولانا عبدالعزیز علوی کی قیادت میں نکالی گئی ریلی میں مختلف جماعتوں کے کارکنان نے شرکت کی اور کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیا۔ یکجہتی کشمیر ریلی سے امیر جماعة الدعوة آزاد کشمیر مولانا عبداعلزیز علوی، سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان، امیر جماعت اسلامی مشتاق اسلام پیپلزکانفرنس کے محمود الحسن اشرف، جمعیت علماءاسلام کے رہنما عزیز احمد غزلی، پاسبان حریت کے مرکزی رہنما عبدالرزاق، نذیر احمد اصلاحی، عبدالرشید پردیسی، عاطف لون و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ جماعة الدعوة آزاد کشمیر کے امیر مولانا عبدالعزیز علوی نے کہا کہ بھارت نے کشمیری قوم کی خواہشات کے برعکس قبضہ کر رکھا ہے، بھارت نے ریاست جموں و کشمیر پر قبضہ کے لئے عالمی انسانی و اخلاقی قوانین پامال کر رکھے ہیں، ستم ظریفی یہ ہے کہ امریکہ اسرائیل اور یورپ بھارت کے پشت بان ہیں۔ سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان، امیر جماعت اسلامی مشتاق اسلام پیپلزکانفرنس کے محمود الحسن اشرف، جمعیت علماءاسلام کے رہنما عزیز احمد غزالی، پاسبان حریت کے مرکزی رہنما عبدالرزاق، نذیر احمد اصلاحی، عبدالرشید پردیسی، عاطف لون و دیگر نے کہاکہ حکمران بھارت سے مذاکرات کی بحالی کو ہی بہت بڑی کامیابی سمجھ بیٹھے ہیں اور بھارت کے سامنے کشمیر کا نام لیتے ہوئے بھی شرماتے ہیں کہ کہیں مذاکرات ختم نہ ہو جائیں اہل اقتدار کو اپنی پالیسیوں کی اصلاح کرنی چاہئے۔ جماعة الدعوة کی طرف سے جھنگ، ملتان، کراچی اور دیگر شہروں میں ہونے والی کانفرنسوں سے جماعة الدعوة کے مرکزی رہنما مولانا امیر حمزہ، حافظ سیف اللہ منصور، مولانا غلام قادر سبحانی، مولانا بشیر احمد خاکی، حافظ سیف اللہ اعظم و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ 8لاکھ بھارتی فوج کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کچلنے کیلئے نت نئے حربے اختیار کر رہی ہے۔ اسے پسندیدہ ترین ملک کا درجہ دیکر اپنی منڈیاں کھولنے جیسی پالیسیاں اختیار کرنے کی بجائے مظلوم کشمیریوں کی مدد کا فریضہ سرانجام دیں۔