سپریم کورٹ کل بلوچستان امن صورتحال اور ووٹر لسٹوں کے کیسز کی سماعت کریگی

05 فروری 2012
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ میں 6 فروری سے شروع ہونے والے ہفتے کے دوران مقدمات کی سماعت کے لئے 7 بنچ تشکیل دئیے گئے ہیں۔ چیف جسٹس آف پاکستان مسٹر جسٹس افتخار محمد چودھری بنچ نمبر ایک کی سربراہی کر یں گے۔ چیف جسٹس نے 6 فروری سے 10 فروری تک سپریم کورٹ میں اہم مقدمات کو سماعت کے لئے لگانے کی ہدایت جاری کی تھیں جن کی ہدایات کی روشنی میں کاز لسٹ جاری کر دی گئی ہے۔ جن میں آئندہ ہفتے 6 فروری کو بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال، ووٹر فہرستوں کے کیس، 7 فروری کو آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی کی ممکنہ برطرفی کے خلاف دائر درخواست، 8 فروری کو سی ڈی اے میں چار ہزار پلاٹوں کی تقسیم، لاپتہ افراد کیس اور دیگر اہم مقدمات کی سماعت کی جائے گی۔ سپریم کورٹ میں ایک پانچ رکنی بنچ بھی تشکیل دیا گیا ہے۔